ایمپریس مارکیٹ کی دکانوں کاملبہ روزگارکا باعث بن گیا
کراچی(اسٹاف رپو رٹر )ایمپریس مارکیٹ کے اطراف تجاوزات میں آنے والی دکانوں کا ملبہ بہت سے افراد کے لیے روزگار کا باعث بن گیا،کراچی ایمپریس مارکیٹ میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے مسمار کی جانے والی دکانوں کے ملبے سے ضرورت مند افراد پیسہ کمانے کے لیے سامان چنتے رہے۔ کوئی ملبے سے لکڑیاں چنتارہا تو کسی نے لوہے پر ہاتھ صاف کیے۔ دکانوں کی چھتوں میں استعمال ہونے والی جستی چادروں کیلئے بھی خوب دھینگا مشتی ہوئی۔کباڑ کا کام کرنے والے ، کچرا چننے والے افراد کے علاوہ دیگر شہریوں نے بھی بہتی گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے۔واضح رہے کہ کے ایم سی نے کراچی کے علاقے صدرمیں واقع ایمپریس مارکیٹ کے اطراف تجاوزات کے خلاف اتوارکی علی الصبح آپریشن کا آغاز کیا ۔