آئیڈیاز2018 دفاعی نمائش 27نومبرسے شروع ہو گی
کراچی(اسٹاف رپو رٹر ) ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن(ڈیپو)کے زیرِ اہتمام دسویں دفاعی نمائش آئیڈیاز2018، 27نومبر سے کراچی ایکسپوسینٹر میں شروع ہوگی، نمائش میں 45 سے زائد ممالک کے وفود شرکت کریں گے۔چار روزہ نمائش میں دفاع کی صنعت سے وابستہ جدید ٹیکنالوجی کی حامل مصنوعات پیش کی جائیں گی، اس نمائش میں پاکستان اپنی تمام دفاعی مصنوعات پیش کرتا ہے۔ڈیپو کے ڈائریکٹر میڈیا کموڈور طارق محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئیڈیاز نمائش کی دسویں سالگرہ منارہے ہیں، دفاعی نمائش میں45سے زائد ممالک شرکت کررہے ہیں جس میں15 ممالک کے پویلین ہوں گے، دفاعی نمائش میں 500 کمپنیوں کے اسٹالز بھی لگائے جائیں گے، جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل زبیر محمود دفاعی سیمینار کے مہمان خصوصی ہوں گے۔کموڈور طارق محمود نے بتایاکہ آئیڈیاز2018 میں18سال سے کم عمر افراد کے داخلے پر پابندی ہو گی، آئیڈیاز نمائش کے ذریعے جے ایس سترہ اور مشاق طیارے کی فروخت میں کامیاب ہوئے، پاکستان نے دفاعی ہتھیاروں اور گولہ بارود کی فروخت کے لیے نئی مارکیٹ بھی حاصل کی۔سروسز کانفرنس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہاں صدارت کریں گے ۔