صوبے میں 6ہیپاٹائٹس کلینکس قائم کرنے کا اعلان، خوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں کو عوام نے مسترد کردیا: شہباز شریف
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان کڈنی اینڈ ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صحت کے شعبہ میں بہتری لانے اور غریبوں کے فری علاج کے لیے لائحہ عمل تشکیل دیاگیا۔تفصیلات کے مطابق شہبازشریف نے پنجاب میں 6ہیپاٹائٹس فلٹرکلینکس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا غریبوں کے علاج کے لیے 360 بستروں پر مشتمل ہسپتال بھی اگلے سال مکمل کر لیا جائے گا جس میں گردے اور جگر کے غریب مریضوں کا فری علاج کیا جائے گا۔شہباز شریف نے ہسپتال کی تعمیر میں کام کرنے والے عملے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کام کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔وزیر اعلیٰ نے کہا دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے کسی کو بھی منصوبے کی راہ میں روڑے نہیں اٹکانے دیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے مزید کہا خوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں کو عوام نے مسترد کردیا۔ عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ آئندہ نسلوں کو جھوٹ‘ الزام تراشی سے پاک پاکستان دینگے۔ ٹھوس پالیسیوں کے مثبت نتائج آرہے ہیں۔