مسلم لیگ ن پر اداروں کے خلاف محاذ آرائی کا الزام محض پراپیگنڈا ہے
اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن پر اداروں کے خلاف محاذ آرائی کا الزام محض پراپیگنڈا ہے ، عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کرنا نئی بات نہیں، اپوزیشن غیر ضروری موضوعات پر حکومت کی مخالفت کر کے سیاست میں بری روایات قائم کر رہی ہے ، پاکستانی قوم سیاسی طور پر باشعو ر ہو چکی ہے ، اسے دھوکہ نہیں دیا جا سکتا۔ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت نے اسلام آباد کے علاقے بلال ٹائو ن میں گیس ، گلیوں کے تعمیراتی کام اور صاف پانی کی فراہمی کیلئے لگائے گئے ٹیوب ویل کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں علاقہ عمائدین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔علاقے کو گیس کی فراہمی پر ایک کروڑ سترہ لاکھ روپے لاگت آئے گی اور منصوبہ اس سال دسمبر میں مکمل کر لیا جائے گا۔ بلال ٹائون میں گلیوں کے تعمیراتی کام پر ایک کروڑ جبکہ ٹیوب ویل کی تعمیر پر ساٹھ لاکھ روپے لاگت آئے گی۔وزیر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد میں گیس کی فراہمی پر تین ارب روپے لاگت آچکی ہے ۔پانی ، سیوریج ، گلیوں کی تعمیر اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے ڈیڑھ ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیئے جا چکے ہیں۔