نظریہ پاکستان اور آزادی کشمیر پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرینگے: حافظ عبدالرحمن
بہاولپور( نمائندہ خصوصی)جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ نظر یہ پاکستان ، آزادی کشمیر اور پاکستان کی بنیاد اسلام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔وطن عزیز کو لبرل بنانے کی کوششوں کیخلاف اور تحفظ نظریہ پاکستان کیلئے ملک گیر جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پاکستان لاالہ الااللہ کی جاگیر ہے‘اس ملک کا مستقبل اسلام ہے۔بھارت کی طرف سے مسئلہ کشمیرپر مذاکرات کی باتیں محض ڈھونگ اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے ہیں۔ کشمیری قوم بھارتی دھوکہ میں آنے والی نہیں‘ ماضی کی طرح اب بھی مودی سرکار کی سب سازشیں ناکام ہونگی۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے گزشتہ روز مرکز البدر شکار پوری گیٹ میں جماعۃ الدعوۃ بہاولپور کے ضلعی ذمہ داران کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعۃ الدعوۃ جنوبی پنجاب کے مسئول ابو معاذ عمران،جماعۃ الدعوۃ بہاولپور کے مسئول ابو ہریرہ بھی موجود تھے۔حافظ عبدالرحمن مکی کا کہنا تھا کہ تکمیل پاکستان کے لیے شہدائے جموں کی قربانیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں ۔اسلام کے نام پر بننے والے ملک کی حمایت کرنے کے جرم میں جموں کے مسلمانوں کا قتل عام ہوا۔ جموں کے چھ لاکھ شہداء کا بدلہ مسلمانوں پر فرض ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان تحریک آزادی جموں کشمیر کو سبوتاژ کرنے کے لیے حریت کانفرنس کے رہنمائوں پر جھوٹے مقدمات قائم کرکے مذموم سازشوں کو پروان چڑھا رہاہے۔ نوجوانوںکا خون گلی کوچوں میں بہایا جارہاہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کے خون کے ساتھ پاکستانیوں کا خون شامل ہوگا تو تکمیل پاکستان کی راہ ہموارہوگی ۔کشمیر کی آزادی تک مظلوم کشمیریوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔