نواز شریف قومی سالمیت اور جمہوریت کیلئے خطرہ بن چکے ہیں: میاں خالد
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کی ایڈوایزری کمیٹی کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری و سابق ممبر صوبائی اسمبلی میاں خالدمحمود نے کہا ہے کہ نواز شریف قومی سلامتی اور جمہوریت کیلئے خطرہ بن چکے ہیں، حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت آئی سی یو میں پڑی ہوئی ہے ،ملکی دولت لوٹنے والوں سے جوابدہی اور انہیں احتساب کے کٹہرے میں لائے بغیر پاکستان اور قوم کی ترقی کا سفر ممکن نہیں،(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی نورا کشتی کی حقیقت جلد قوم کے سامنے آنے والی ہے ، اپنے ایک بیان میں میاں خالدمحمود نے کہا کہ احتساب کا عمل شروع ہونے پر حکمرانوں کو دنیا کے قوانین یاد آ گئے ہیں،نواز شریف کا یہ کہنا کہ دنیا کے کسی ملک میںایسا نہیں ہوتا جو یہاں ہو رہا ہے لیکن انہیں یہ بھی معلوم ہوگا کہ دنیا میں ایسا بھی نہیں ہوتا کہ حکمران ملک کی دولت لوٹ کر بیرون ممالک اپنی جائیدادیں بنائیں ، یہاں حکمران طبقہ تو دن دوگنی رات چوگنی ترقی کر رہاہے جبکہ غریب پر ٹیکسز کا بوجھ لادھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو حکمران سابق نااہل وزیراعظم کے درشن کے لیے دوسرے دن لندن یاترا کے لیے جاتے ہیں انہیں وزارتوں سے فارغ کر دینا چاہیے یہ ملکی قوانین کا مذاق اڑا رہے ہیں جو قوم کے لیے کسی صورت قابل قبول نہیں۔ نااہل حکمرانوں نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔