جنرل پرویز مشرف کا کڑا احتساب بھی ہم نے بھگتا ہے،حمزہ شہباز
چکوال(نامہ نگار ) مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہاکہ جنرل پرویز مشرف کا کڑا احتساب بھی ہم نے بھگتا ہے اب بھی ہر قسم کے احتساب کیلئے تیار ہیں مگر یہ یکطرفہ احتساب ہے اور پوری قوم اس کو دیکھ رہی ہے۔ انصاف وہ ہے جو ہوتا ہوا نظر آئے۔ ایم پی اے چوہدری لیاقت علی خان مرحوم کی وفات پر اظہار تعزیت کیلئے یہاں چکوال پہنچے تھے انہوں نے چوہدری لیاقت کے بھائی صبح صادق، صاحبزادوں چوہدری حیدر سلطان، شہریار سلطان اور چوہدری لیاقت کی اہلیہ ایم این اے بیگم عفت لیاقت سے اظہار تعزیت کیا اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کی۔ اس موقع پر سابق جسٹس مظہر حسین منہاس، چیئرمیں ضلع کونسل طارق اسلم ڈھلی، وائس چیئرمین چوہدری خورشید بیگ، چیئرمین بلدیہ چوہدری سجاداحمد، ملک کفایت حسین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سخت سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے اور چوہدری لیاقت علی رہائشگاہ کو حمزہ شہباز شریف کی اپنی سیکورٹی نے چاروں طرف سے گھیرے میں لے رکھا تھا، حمزہ شہباز شریف نے مزید بتایا کہ انتخابات میں کسی صورت تاخیر نہیں ہونی چاہیے جمہوریت اور سیاست پاکستان کا مستقبل ہیں۔ لہٰذا عوام کی رائے کا ہر صورت میں احترام کیا جانا چاہیے۔ ایک اور سوال کے جواب میں حمزہ شہباز شریف نے چوہدری لیاقت علی خان کی پارٹی کیلئے خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ ہمارے نہ صرف دیرینہ ساتھی بلکہ ہمارے خاندان کا حصہ تھے۔