وقت آ گیا امریکہ کو ’’نو مور‘‘ کا واضح پیغام دیا جائے: میاں مقصود
ملتان (نامہ نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے امریکی کمانڈر جان نکسن کے بیان کہ ’’دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے حوالے سے پاکستان کا رویہ بالکل تبدیل نہیں ہوا‘‘ پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان حقائق کے منافی اور پاکستان کی قربانیوں سے صرف نظر کرنے کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ پاکستان نے نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں سب سے زیادہ نقصان برداشت کیا ہے۔ عالمی برادری کو تعصبانہ رویہ ترک کرنا ہو گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ اس سے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت پاکستان امریکی جنگ کو خیر باد کہہ کر وسائل کا رخ عوام کی فلاح و بہبود کی طرف موڑے۔ پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والے امریکہ کی اس نام نہاد جنگ میں ہمارے 60 ہزار سے زائد افراد شہید اور سوا سو ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان ہو چکا ہے جبکہ اس کے بدلے میں ملنے والی امداد اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ’’ڈو مور‘‘ کے امریکی مطالبے کے جواب میں ’’نور مور‘‘ کا واضح پیغام دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت عالمی برادری کو مسلمانوں کے خلاف اپنے دوہرے معیار تبدیل کرنے ہوںگے۔ ایک طرف ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں ریاستی مظالم کی انتہا کر چکا ہے جبکہ دوسری جانب انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں اور ممالک اس بربریت پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔