سموگ: حادثات میں مزید 9 جاںبحق: کھڈیاں، گیس بندش کیخلاف عوام کا احتجاج
لاہور‘ ملتان‘ اسلام آباد (نامہ نگاران‘ خبرنگار خصوصی‘ نمائندے‘ ایجنسیاں) پنجاب کے مختلف شہروں میں کئی مقامات پر حد نگاہ صفر ہو گئی، حادثات میں مزید 14 افراد جاں بحق 23 طلباء طالبات زخمی، لاہور میں علامہ اقبال اور ملتان ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ اور دھند کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موٹروے کو کئی مقامات سے بند کردیا گیا۔ علامہ اقبال اور ملتان ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بھی معطل کر دیا گیا، خراب موسم کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت بھی تاخیر کا شکار رہی۔ ساہیوال میں فیصل آباد روڈ پر دھند میں میٹرک کا طالب علم قدیر بس تلے آکرجاں بحق ہوگیا۔ پنڈی بھٹیاں موٹروے بند ہونے سے انٹرچینج پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، کوٹ مومن، گرد و نواح میں شدید دھند برقرارہے جس سے حدنگاہ صفرہوگئی۔ ملتان کے مضافاتی علاقوں میں حد نگاہ صفرہوگئی، ٹریفک کی روانی بری طرح متاثرہوگئی، تاندلیانوالہ کے علاقہ اوکاڑہ روڈ پرشدید دھند کے باعث ٹرک ، گاڑی ٹکر اگئے جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے جنہیں ٹی ایچ کیوہسپتال منتقل کردیا گیا۔دوسری طرف محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے ملک بھرمیں بارشوں کی پیش گوئی کردی ۔اتوارکی شب بارشوں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگاجو چاروں صوبوں میں پھیل جائے گا۔ پیرسے منگل خیبرپی کے، فاٹا اوراسلام آباد میں بارش کا امکان ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپوراورڈیرہ غازی خان میں باران رحمت کی توقع ہے۔ کوئٹہ، قلات اورمکران ڈویژن اورسندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے جب کہ کشمیر، گلگت بلتستان میں بارش اورپہاڑوں پر برف باری کی بھی پیش گوئی ہے۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں شدید دھند کے باعث 64 ٹرینیں تاخیرکا شکار جبکہ 2 منسوخ کر دی گئیں۔ حکام کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی میں موسمی خرابی اور شدید دھند سے گزشتہ روز 64 کے قریب مسافر ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں، 14 دیگر کو دوبارہ بحال کیا گیا جن میں سے دو ٹرینوں کو منسوخ کر دیا گیا۔ احمد پور سیال میں امیدپور کے رہائشی دو مسیحی نوجوان طارق اور عمران مزدوری کے سلسلہ میں موٹر سائیکل پر احمدپور سیال آ رہے تھے خوشاب، مظفر گڑھ مین روڈ، امیدپور میں شدید سموگ کے باعث مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ گیمبر اوکاڑہ چھائونی کے نواحی گائوں 13فور ایل کا شریف مال بردار ٹرین کی زد میں آکر ہلا ک ہو گیا۔ مال بردار ٹرین اوکاڑہ سے ساہیوال کی طرف جارہی تھی۔ شریف صبح سویرے ضروری کام کے سلسلہ میں کہیں جارہاتھا کہ ریلوے لائن پار کرتے ہوئے دھند کے سبب ٹرین کی زد میں آیا۔ ماموں کانجن کے نواحی گائوں 550گ ب سے وین طالبات کو لیکر بنگلہ چوک آرہی تھی کہ جگھڑانوالہ کے قریب دھند کے باعث موٹرسائیکل رکشہ سے ٹکرانے کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجہ میں ویگن میں سوار22 طالبات شدید زخمی ہو گئیں۔ رائے ونڈ میں پاجیاں چوک پر سموگ کے باعث موٹر سائیکل اور مزدا ڈالہ آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں سپیرئیر یونیورسٹی کا طالب علم اسامہ ساکن جبومیل ضلع قصور موقع پر دم توڑ گیا،پولیس تھانہ سٹی نے موقع پر پہنچ کر مزدا ڈالا قبضہ میں لے لیا۔ بدوملہی میں لاہور نارووال اور نارووال سیالکوٹ ریلوے سیکشنوں کے درمیان چلنے والی مسافر ٹرینوں کا شیڈول دھند کے باعث متاثر ہو رہا ہے۔ ٹرینوں کے تاخیر ہونے سے مسافر مجبور ہو کر بسوں ویگنوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کل سے ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جو دو دن تک جاری رہنے کی توقع ہے تاہم آج صبح کے وقت سموگ اور دھند پڑنے کا امکان ہے ۔ ہفتہ کے روز ملتان میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 23.2 کم سے کم 13 کوٹ ادو زیادہ سے زیادہ 25.3 کم سے کم 14.3 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ خانیوال سے خبرنگار کے مطابق موٹروے پر پیرووال کے قریب شدید دھند اور سموگ کے باعث حد نگاہ 50میٹر تک رہ گئی جس سے دوبسیں اور ایک کار آپس میں ٹکرا گئیں جس کے باعث 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق ریسکیوذرائع کے مطابق بوریوالہ روڈ سات ڈبلیوبی کے قریب تیز رفتار ڈالہ دھند کی وجہ سے سڑک سے نیچے اُتر جا نے کی وجہ سے اُلٹ گیا جس کے نتیجہ میں ملتان کے رہا ئشی 33سالہ محمداحمد اور 26سالہ محمد ثاقب زخمی ہو گئے جبکہ لڈن روڈ اڈا رتہ ٹبہ سلطان کے قریب ایک رکشہ ڈرائیور کی چادر کشہ کی چین میں آنے سے رتبہ ٹبہ کا رہا ئشی رکشہ ڈرائیور سردار گرکر زخمی ہو گیا۔کوٹ ادو سے خبرنگار کے مطابق تھانہ محمود کوٹ کے علاقہ موضع پنوار جنوبی کے رہائشی ربنواز پرہاڑ کا جواں سالہ بیٹا محمد عمران پرہاڑ گزشتہ شام موٹر سائیکل پر قصبہ گجرات سے اپنے گھر موضع پنوار جنوبی جا رہا تھا کہ گورمانی پٹرول پمپ کے قریب سامنے سے آنے والے آئل ٹینکر نے زور دار ٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں محمد عمران موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، نامعلوم ٹینکر ڈرائیور ٹینکر سمیت موقع سے فرارہوگیا۔ کوٹ اسلام سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ اسلام کے رہائشی قیوم تھراج کا نوجوان بیٹا غلام عباس گزشتہ صبح رکشہ پر تیل لینے کے لئے جارہا تھا کہ اڈہ چوپڑہٹہ کے نزدیک اس کی شال رکشہ کے پہیوں میں پھنس گئی جس سے وہ گر کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔مظفر گڑھ سے نامہ نگار کے مطابق رنگپور کے قریب ٹرک اور موٹرسائیکل کے درمیان تصادم ہوگیا، حادثے میں موٹرسائیکل پرسوار 2 افراد طارق اور عمران موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، پولیس کیمطابق حادثہ شدید دھند کے باعث پیش آیا جبکہ ٹرک ڈرائیور فرار ہوگیا جبکہ پولیس نے ٹرک کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔میلسی سے نامہ نگار کے مطابق میلسی میں سموگ اور دھند شدت اختیار کر گئی ٹریفک کو دشواری کا سامنا ۔حد نگاہ صفر ہو کر رہ گئی کئی مقامات پر موٹر سائیکل ایک دوسرے سے ٹکرا گئے ۔زہریلی سموگ سے شہری عاجز آگئے اور زندگی بھی مفلوج ہو کر رہ گئی شہریوں نے سموگ اور دھند کے خاتمے کے لیے باران رحمت کی دعا کی ہے ۔وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردو نواح میں گزشتہ ایک ہفتہ سے جاری دھند اور اسموگ نے شدید اختیار کرلی حدنظر صفر ہونے کی وجہ سے مختلف مقامات پر حادثات میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔سکولوں ، دفاتروں اور دیگر پرائیویٹ اداروں میں بھی حاضری کم ہے۔دھنوٹ‘ کہروڑپکا سے نامہ نگار‘ خبرنگار کے مطابق دھنوٹ میں شدید دھند کے باعث ہیڈ راجکاں سے لاہور جانے والی بس دھنوٹ بستی دولت شاہ والا کے قریب الٹ گئی فصیل آباد کی رہائشی حفظاں مائی مسافر خاتون جاں بحق متعدد زخمی ہو گئے۔