لبنان میں سعودی شہری اغوا دس لاکھ ڈالر تاوان کا مطالبہ
بیروت(آئی این پی)لبنان میں ایک سعودی شہری کو اغوا کرلیا گیا۔ لبنانی اخبار "النہار" کے مطابق علی البشراوی نامی سعودی باشندے کو جبل لبنان صوبے کے قصبے العقیبہ کسروان میں اس کے گھر کے نزدیک اغوا کیا گیا۔اخبار نے بتایا ہے کہ مذکورہ سعودی کی شامی بیوی نے جمعے کے روز اپنے شوہر کے اغوا ہونے کی اطلاع حکام کو دی جس کے بعد لبنانی سکیورٹی فورسز نے اس کی تلاش شروع کر دی۔لبنانی میڈیا ذرائع نے بتایا کہ سعودی شہری کے خاندان کو ایک فون کال موصول ہوئی جس میں اس کی رہائی کے لیے دس لاکھ امریکی ڈالر کا مطالبہ کیا گیا ہے۔لبنانی وزیر داخلہ نہاد المنشنوق کا کہنا ہے کہ سعودی شہری کے اغوا کا معاملہ پوری توجہ کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے۔