آل کراچی بلوچ محمڈن گولڈن جوبلی فٹبال ٹورنامنٹ
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) بلوچ محمڈن فٹبال کلب ڈی ایف اے سائوتھ کے زیراہتمام آل کراچی بلوچ محمڈن گولڈن جوبلی فٹبال ٹورنامنٹ میں سائوتھ کی موسی لاشاری نے ایک سخت مقابلے کے بعد لیاری برادرز کو پنالٹی ککس پر 5-4سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔موسی لاشاری کا کوارٹر فائنل میں اتوار12 نومبر کو ایسٹ کی اعظم اسپورٹس سے مقابلہ شام چار بجے کھیلا جائے گا۔ بھیا باغ گرائونڈ لیاری میں پری کوارٹر فائنل میں موسی لاشاری کلب اور لیاری برادرز کے درمیان مقابلے کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ وقفے میں مہمان خصوصی ایس پی لیاری آفتاب نظامانی سے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا،ان کے ساتھ استاد محمد اقبال، نیشنل بینک کے کوچ غلام شبیر ، الغنی، شکیل احمد، خدا بخش، عبدالصمد، ابوبکر واجوبھی موجود تھے۔ دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر حملے کئے لیکن فاروڈز نے غلط نشانہ بازی کی وجہ سے نصف درجن گول ضائع کردیئے مقررہ وقت میں بھی مقابلہ بغیر کسی گول برابر رہنے کے بعد دونوں ٹیموں کو پنالٹی ککس دیں گئیں جس میں موسی لاشاری نے لیاری برادرز کو پنالٹی ککس پر5-4سے ہراکر فائنل ایٹ میں جگہ بنالی۔