چوہدری برجیس کشمیریوں کے محسن ہیں: سید عارف حسین
فارورڈ کہوٹہ (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) ضلع حویلی کا ایک ہنگامی اجلاس زیر صدارت سید عارف حسین گیلانی صدر مسلم لیگ (ن) ضلع حویلی منعقد ہوا ۔اجلاس میں کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور مسلم لیگ کی مرکزی قیادت پر بھرپوراعتماد کااظہار کیا خطاب کے دوران سید عارف حسین گیلانی ،میر قمر الدین قمر ،شیخ سہیل مسعود ایڈووکیٹ ،چوہدری عبدالعزیز ،محمد شفیع فاروقی،راجہ محمد بشیر کیانی ،سید محمد حسین بخاری ،چوہدری محمدانور ،شیخ محمد انور ،محمود احمد صدر انجمن تاجران و دیگر نے کہا کہ وزیر امو رکشمیر چوہدری برجیس طاہر اور سید آصف کرمانی مشیر وزیراعظم پاکستان کشمیریوں کے محسن ہیں ۔انہوں نے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ کی مضبوطی اور الیکشن میں کامیابی پر کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔جس میں پوری کشمیری قوم اُن کی ممنون ہے ۔انہوںنے کہا کہ سالار جمہوریت ہمارے لیے قابل احترام لیکن وفاقی وزراء کے خلاف بیان بازی قابل افسوس ہے ۔آج اُنہیں بجائے رہنمائی کے تنقید نہیں کرنی چاہیے بلکہ مسلم لیگ کارکنوں کے مسائل حل کرنے کے لیے موجودہ حکومت کے سرپر ہاتھ رکھنا چاہیے اور بہترین رہنمائی کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں تعمیر و ترقی کا سفر جاری رہے گا۔مقررین نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم کانفرنس مضبوط اور اکھٹی رہی ۔