انتخابات وقت پر نہ ہوئےتو جمہوریت اور سیاسی جماعتوں کو نقصان ہو گا: حمزہ شہباز
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اگر آئندہ عام انتخابات کا انعقاد وقت مقررہ پر نہ ہوا تو جمہوریت اور سیاسی جماعتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے‘ ترقی و خوشحالی کے لئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے اگر جمہوری عمل میں رخنہ پڑا تو یہ ملکی مفاد میں نہیں ہو گا۔ حمزہ شہباز نے چکوال میں پی پی 20 سے وفات پانے والے ممبر پنجاب اسمبلی چودھری لیاقت علی خان کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ ملک اس وقت ایسے دوراہے پر کھڑا ہے جسے ایک طرف دہشت گردی کے عفریت کا سامنا ہے تو دوسری طرف سی پیک کے دشمن پاکستان کی ترقی نہیں دیکھ سکتے۔ نوازشریف نے خود کو احتساب عدالت کے سامنے پیش کر دیا ہے۔ انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں ہمارے قائد نوازشریف ہیں اور مسلم لیگ (ن) ان کی قیادت میں متحد ہے اور وہ انشاء اللہ عدالتوں سے سرخرو ہونگے۔ مارشل لاء کے دور میں تن تنہا عدالتوں کا سامنا کیا اور احتساب عدالتوں میں پیش ہوتے رہے۔