بحرین کی ایف ایم گروپ آف کمپنیزکا پاکستان کی جیمز اینڈ جیولری شعبہ میں معاہدہ
کراچی(کامرس ڈیسک)وفاقی سیکریٹری تجارت یونس ڈھاگا نے کہا ہے کہ پاکستان کی برآمدات کے حجم میں اضافے کے لیے غیرروایتی مارکیٹوں اور چھوٹے ودرمیانے درجے کے شعبوں پرتوجہ مرکوز کی گئی ہے ،ایکسپوپاکستان کا اہم مقصد ابھرتا پاکستان کو اجاگر کرنا ہے، یہ بات انہوں نے ہفتے کوکراچی ایکسپوسینٹر میں بحرین کے ایک بڑے سرمایہ کارگروپ ایف ایم گروپ آف کمپنیزکی جانب سے پاکستان کی جیم اینڈ جیولری سیکٹر میں5کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے پردستخطوںکی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، بحرین کی کمپنی کے ساتھ معاہدے کے مقاصدبیان کرتے ہوئے یونس ڈھاگا نے بتایا کہ پاکستان معدنیات اور جیم جیولری کی کٹنگ، فنشنگ ومینوفیکچرنگ کوبین الاقوامی معیارکے مطابق ڈھالنا چاہتا ہے، انہوں نے بتایا کہ جن شعبوں کی برآمدات انتہائی محدود ہے ان شعبوں پر زیادہ توجہ مرکوز کیا گیا ہے۔