معیاری تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں،دکھی انسانیت کیلئے فلاحی اداروں کا کردار مسلمہ ہے: وزیراعظم
مانسہرہ(صباح نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک معیاری تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت اربوں ڈالر کی تجارت اسی علاقے سے ہوگی۔وہ ہفتہ کو ضلع مانسہرہ میں شوگران کے مقام پر کاغان میمو ریل سکول کی سالانہ تقریب میں اساتذہ اور والدین سے خطاب کررہے تھے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قومی کردار سازی میں معیاری تعلیم اہم عنصر ہے،طالب علم کامیابی کے لئے محنت اور جانفشانی کو اپنا شعار بنائیںاور نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں صحت مند توازن پیدا کریں ۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور والدین دوسری چیزوں کے ساتھ ساتھ طالب علموں کی مثبت کردار سازی کی جانب بھی توجہ دیں۔علاقے کی اہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت اربوں ڈالر کی تجارت اسی علاقے سے ہوگی۔انہوں نے کہاکہ اس سے علاقے کے نوجوانوں کیلئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوںگے تاہم علاقے کے عوام صرف اسی صورت میں اس بڑے منصوبے سے مستفید ہوسکتے ہیں اگران کی معیاری تعلیم تک رسائی ہے۔بعد ازاں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کھیلوں اور تدریس میں نمایاںکارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں میں انعامات تقسیم کئے۔قبل ازیں سکول کے پرنسپل نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔
چارسدہ (اے پی پی )وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے غیر سرکاری اداروں کا کردارمسلمہ ہے اور حکومت فلاحی سرگرمیوں میں مصروف این جی اورز کو ہر ممکن سہولت و مدد فراہم کر رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتے کے روز چارسدہ کے مختصر دورے کے موقع پرتہمینہ درانی فاونڈیشن کے زیر انتظام’’ دارلرحمت میڈیکل کمپلیکس‘‘ کے نئے بلاک کا افتتاح کرنے کے بعدمختصر بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا ظفر اقبال جھگڑہ بھی موجود تھے ، وزیر اعظم نے فلاحی خدمات کے حوالے سے تہمینہ درانی فاونڈیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فاونڈیشن پوری لگن اور تندہی کے ساتھ اپنی سرگرمیوں کے فروغ کا سلسلہ جاری رکھے تاکہ ان کے ثمرات غریب عوام تک پہنچ سکیں، انھوں نے کہا کہ اس کار خیر میں فائونڈیشن کو حکومت کا ہر ممکن تعاون حاصل رہے گا۔ تقریب کی بعد وزیر اعظم واپس اسلام آباد روانہ ہو گئے۔