کراچی منافع بخش‘ وسیع سرمایہ کاری کا شہر ہے‘ مفسر ملک
کراچی(کامرس ڈیسک)10ویں ایکسپو پاکستان میں کراچی چیمبر کے پویلین کاروس ، ارجنٹینا، ویتنام، ہالینڈ، اردن، تھائی لینڈ،جمہوریہ چیک، بنگلہ دیش،جنوبی کوریا اور ازبکستان کے غیر ملکی وفود کے دورے کا سلسلہ جاری رہا جنہوں نے پاکستان کی معیشت کے اہم شعبوں بشمول ٹیکسٹائل، لیدر، سرجیکل آلات،انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، انفرااسٹرکچر ، مالیاتی خدمات، ماربلز و دیگر شعبوں میں دوطرفہ تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری میںدلچسپی کا اظہار کیا۔کے سی سی آئی کے صدر مفسر عطا ملک، سینئر نائب صدر عبدالباسط عبدالرزاق، نائب صدر ریحان حنیف اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے غیر ملکی وفود نے مشترکہ منصوبوں کے لیے قابل اعتماد اور صحیح شراکت داروںکی شناخت کرنے، پاکستانی مارکیٹوں میں اشیاء کی پیداوار اور سپلائی کے حوالے سے کراچی چیمبر سے تعاون طلب کیا۔بی ٹو بی سیشن کے دوران ہالینڈ کی مشن کی نائب سربراہ مس جوزفین فرانزین نے کہا کہ ہالینڈ کے سفارتخانہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں بہت زیادہ جدوجہد کرنا پڑرہی ہے۔ہم ڈچ تاجربرادری کے ساتھ کاروبار کو فروغ دینے کے لیے پاکستانی تاجربرادری کو ہر ممکن رہنمائی فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں تاکہ وہ ہالینڈ میں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ ایکسپو پاکستان میں شرکت کرنے والا ڈچ وفد تاجروصنعتکاروں پر مشتمل ہے جن کا تعلق زیادہ تر ٹیکسٹائل کے شعبے سے ہے جو پاکستان میں نئی راہوں کی تلاش میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ مزید برآں مستقبل قریب میں پاکستان کے میری ٹائم مشن کا ہالینڈ کا دورہ بھی متوقع ہے۔پاکستانی سفارتخانے کے کمرشل قونصل جنرل سید محمود حسن کی سربراہی میں کے سی سی آئی کے پویلین کا دورہ کرنے والے ڈچ وفد کے ممبران نے تجارت وسرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں ساتھ ہی پاکستان میں قابل اعتبار سپلائرز کی تصدیق کے لیے کے سی سی آئی سے تعاون طلب کیا۔تھائی لینڈ کے وفد کی سربراہی کرنے والے تھائی چیمبر آف کامرس کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سومباٹ تھیراٹراکولچی نے کہاکہ پاکستان اور تھائی لینڈ کئی برسوں سے شاندار تعلقات سے لطف اندوز ہورہے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہورہے ہیں۔انہوں نے کراچی کی تاجربرادری کو اردن میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ اردن عراق، شام اور خطے کے دیگر اہم ملکوں کے نزدیک واقع ہے لہٰذا پاکستانی تاجر ان مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کراچی چیمبر اور عمان چیمبر آف کامرس کے مابین ایم او یو سائن کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ ویتنام کے وفد نے پاکستانی سفارتخانے کے کمرشل سیکریٹری سمیر مستنصر تارڑکی سربراہی میں کے سی سی آئی کے پویلین کا دورہ کیا جو سمندری خوراک، طبی آلات،فارماسیوٹیکل، ماربل،ٹیکسٹائل، لیدر و زرعی شعبے سے تعلق رکھتے ہیں۔انہوں نے کراچی چیمبر کو مشورہ دیا کہ وہ ایک تجارتی وفد ویتنام بھیجیں جو ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے جہاں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع دستیاب ہیں۔ارجنٹینا کے وفد کی سربراہی کرنے والے پاکستانی سفارتخانے کے کمرشل قونصلر مرتضیٰ صدیق خان نے بتایا کہ پاکستانی سفارتخانہ اگلے سال چلی میں سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد کا ارادہ رکھتا ہے جس میں 100 نمائش کنندگان شرکت کریں گے۔روسی وفد کی سربراہی کرنے والے رشین فیڈریشن کے چیمبر آف کامرس و انڈسٹری کے ڈپٹی چیئرمین سیرجی ویسیلیو اور رشین فیڈریشن و بیلاروس میں پاکستانی سفارتخانے کے ٹریڈ ڈیولپمنٹ آفیسر سامویل باگداسارین پاکستانی تاجروں کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے میں دلچسپی ظاہر کی۔چیک جمہوریہ، بنگلہ دیش، جنوبی کوریا،جاپان اور بنگلہ دیش کے وفود نے بھی کرچی چیمبر کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔بزنس مین گروپ کے وائس چیئرمین و سابق صدر کے سی سی آئی انجم نثار نے متعدد اجلاس میں شرکت کی ۔انہوں نے ایکسپو پاکستان نمائش میں غیر ملکی وفود کی کثیر تعداد میں شرکت کی تعریف کی جس سے یقینی طور پر کراچی کے بارے میں منفی تاثر کو زائل کرنے میںمدد ملے گی۔کے سی سی آئی کے صدر مفسرر عطا ملک نے غیر ملکی وفود سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے وفود کے تبادلے پر زور دیا ۔