سموگ: حادثات میں مزید 4جاں بحق:کھڈیاں، گیس بندش کے خلاف عوام کا احتجاج
لاہور/ جھنگ/ احمد پور سیال/ ماموں کانجن/ رائے ونڈ / کھڈیاں/ بدوملہی / اسلام آباد (نامہ نگاران+ ایجنسیاں ) پنجاب کے مختلف شہروں میں کئی مقامات پر حد نگاہ صفر ہو گئی، حادثات میں مزید 14 افراد جاں بحق 23 طلباء طالبات زخمی، لاہور میں علامہ اقبال اور ملتان ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ اور دھند کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موٹروے کو کئی مقامات سے بند کردیا گیا۔ علامہ اقبال اور ملتان ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بھی معطل کر دیا گیا، خراب موسم کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت بھی تاخیر کا شکار رہی۔ ساہیوال میں فیصل آباد روڈ پر دھند میں میٹرک کا طالب علم قدیر بس تلے آکرجاں بحق ہوگیا۔ پنڈی بھٹیاں موٹروے بند ہونے سے انٹرچینج پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، کوٹ مومن، گرد و نواح میں شدید دھند برقرارہے جس سے حدنگاہ صفرہوگئی، مظفرگڑھ میں پٹرولنگ پولیس کی طرف سے ڈرائیوروں کوفوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ملتان کے مضافاتی علاقوں میں حد نگاہ صفرہوگئی، ٹریفک کی روانی بری طرح متاثرہوگئی، تاندلیانوالہ کے علاقہ اوکاڑہ روڈ پرشدید دھند کے باعث ٹرک ، گاڑی ٹکر اگئے جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے جنہیں ٹی ایچ کیوہسپتال منتقل کردیا گیا۔دوسری طرف محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے ملک بھرمیں بارشوں کی پیش گوئی کردی ۔اتوارکی شب بارشوں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگا۔چاروں صوبوں میں پھیل جائے گا۔ پیرسے منگل خیبرپی کے، فاٹا اوراسلام آباد میں بارش کا امکان ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپوراورڈیرہ غازی خان میں باران رحمت کی توقع ہے۔ کوئٹہ، قلات اورمکران ڈویژن اورسندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے جب کہ کشمیر، گلگت بلتستان میں بارش اورپہاڑوں پر برف باری کی بھی پیش گوئی ہے۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں شدید دھند کے باعث 64 ٹرینیں تاخیرکا شکار جبکہ 2 منسوخ کر دی گئیں۔ حکام کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی میں موسمی خرابی اور شدید دھند سے گزشتہ روز 64 کے قریب مسافر ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں، 14 دیگر کو دوبارہ بحال کیا گیا جن میں سے دو ٹرینوں کو منسوخ کر دیا گیا۔ احمد پور سیال میں امیدپور کے رہائشی دو مسیحی نوجوان طارق اور عمران مزدوری کے سلسلہ میں موٹر سائیکل پر احمدپور سیال آ رہے تھے خوشاب، مظفر گڑھ مین روڈ، امیدپور میں شدید سموگ کے باعث مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ گیمبر اوکاڑہ چھائونی کے نواحی گائوں 13فور ایل کا شریف مال بردار ٹرین کی زد میں آکر ہلا ک ہو گیا۔ مال بردار ٹرین اوکاڑہ سے ساہیوال کی طرف جارہی تھی۔ شریف صبح سویرے ضروری کام کے سلسلہ میں کہیں جارہاتھا کہ ریلوے لائن پار کرتے ہوئے دھند کے سبب ٹرین کی زد میں آیا۔ ماموں کانجن کے نواحی گائوں 550گ ب سے وین طالبات کو لیکر بنگلہ چوک آرہی تھی کہ جگھڑانوالہ کے قریب دھند کے باعث موٹرسائیکل رکشہ سے ٹکرانے کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجہ میں ویگن میں سوار22 طالبات شدید زخمی ہو گئیں۔ رائے ونڈ میں پاجیاں چوک پر سموگ کے باعث موٹر سائیکل اور مزدا ڈالہ آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں سپیرئیر یونیورسٹی کا طالب علم اسامہ ساکن جبومیل ضلع قصور موقع پر دم توڑ گیا،پولیس تھانہ سٹی نے موقع پر پہنچ کر مزدا ڈالا قبضہ میں لے لیا۔ بدوملہی میں لاہور نارووال اور نارووال سیالکوٹ ریلوے سیکشنوں کے درمیان چلنے والی مسافر ٹرینوں کا شیڈول دھند کے باعث متاثر ہو رہا ہے۔ ٹرینوں کے تاخیر ہونے سے مسافر مجبور ہو کر بسوں ویگنوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ گوجرانوالہ اور کھڈیاں خاص میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوام سراپا احتجاج بن گئے۔ گیس کی لوڈشیڈنگ صبح اور شام کے اوقات میں ہوتی ہے جس سے شہریوںکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دفاتر اور سکول کو جانے والے بچے بھوکے جاتے ہیں۔ گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑ گئے۔ شہریوں نے احتجاج کرتے اعلی احکام سے مطالبہ کیا کہ گیس غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کو فوری بند کیا جائے۔ جھنگ میں سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ میں اضافے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا، سموگ و دھند کے باعث شہر اس کے گردونواح میں سوئی گیس کا پریشر کم ہونے کے باعث ہوٹلوں پر بھی کھانوں کی تیاری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے سوئی گیس کی بندش کم پریشر سے شہری خصوصاً گھریلو خواتین سخت پریشان ہیں۔ معمولی سااضافہ ہوتے ہی کھانا پکانا تو دور کی بات چائے بنانے کے لیے بھی گیس نہیں ملتی، گیس پریشر انتہائی کم ہوجاتا ہے۔ ان کا گھریلوبجٹ انہیں اجازت دے یا نہ دے انہیں مجبوراً کھانے کے لیے ہوٹلوں کا رخ کرنا پڑتا ہے شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ بھاری بلوں کی ادائیگی کے باوجود انہیں سوئی گیس نہیں ملتی حکام نوٹس لیں۔
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ملک کے مختلف حصوں میں آج اتوار کی رات سے ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گا جس سے سموگ میں کمی واقع ہو گی۔ تاہم رواں ماہ میں ہونے والی بارشیں اوسط سے کم رہیں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار سے ملک کے اندر بارشیں لانے والا سسٹم داخل ہو گا جس کے باعث پیر منگل کو ملک کے بالائی اور وسطی حصوں میں بارشیں ہوں گی۔ اس عرصے کے دوران کوئٹہ‘ قلات‘ سبی‘ نصیر آباد مکران ڈویژن‘ کے پی کے کے بالائی علاقوں میں برف باری‘ بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی‘ گوجرانوالہ‘ سرگودھا‘ لاہور‘ ساہیوال کے اضلاع‘ کشمیر‘ گلگت و بلتستان ملتان‘ بہاولپور کے اضلاع میں پیر سے بدھ تک بارش متوقع ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہری علاقوں میں پائی جانے والی سموگ کے بڑھنے اور بارش کے باعث کم ہو جائے گی۔ اسلام آباد اور گردو نواح کے علاقوں میں بدھ سے دھند ختم ہو جائے گی اور حد نگاہ ایک سے تین کلو میٹر ہو جائے گی۔ لاہور میں دھند میں کمی بدھ سے شروع ہو گی۔ فیصل آباد‘ ملتان میں بھی دھند میں کمی کا آغاز بھی بدھ سے ہو گا۔