امید ہےسی پیک ایک کامیاب منصوبہ ثابت ہو گا: کینیڈین ہائی کمشنر
اسلام آباد(این این آئی)کینیڈا کے پاکستان میں ہائی کمشنر پیری جان کالڈروڈ نے کہا ہے کہ امید ہے سی پیک ایک کامیاب منصوبہ ثابت ہوگا ٗ آنے والے برسوں میں کینیڈین کمپنیاں سی پیک میں میسر آنے والے مواقع اور سرمایہ کاری سے مستفید ہوں گی۔ایک انٹرویومیں کینیڈا کے سفیر نے کہاکہ سی پیک ایک پر جوش اقدام ہے انہوںنے کہاکہ امید ہے سی پیک ایک کامیاب منصوبہ ثابت ہو گا۔انہوںنے کہاکہ سی پیک پاکستان کو شمال کے ممالک ،چین اور وسطی ایشیاء سے کامیابی سے اقتصادی طور پر منسلک کریگا۔انہوںنے کہا کہ امید ہے کہ آنے والے برسوں میں کینیڈین کمپنیاں سی پیک میں میسر آنے والے مواقع اور سرمایہ کاری سے مستفید ہوں گی۔ انہوںنے کہاکہ ابھی سی پیک ابتدائی سطح پر ہے تاہم پر امید ہوں کہ سی پیک کینیڈا اور دیگر ممالک کے لئے سرمایہ کاری کے مواقع کھولے گا۔ پیری جان کالڈروڈ نے کہاکہ پاکستان اور کینیڈا میں گذشتہ برس تک باہمی تجارت کا حجم 1.4 ارب کینیڈین ڈالرز یا 110 ارب روپے تھا۔کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ 1.4 ارب کینیڈین ڈالرز کا باہمی تجارتی حجم دونوں ممالک کے مابین ابھی تک کا بلند تر تجارتی حجم ہے۔ انہوںنے کہاکہ امید ہے کہ آنے والے دنوں میں باہمی تجارتی حجم میں مزید اضافہ ہو گا۔