الیکشن کا مطالبہ کرنیوالے نہیں چاہتے کہ غریب کو مفت ادویات ملیں اور اورنج لائن ٹرین چلے: شہباز شریف
لاہور (صباح نیوز) پنجاب حکومت اور بین الاقوامی دوا ساز ادارے نوارٹس فارما پاکستان کے مابین 4 امراض میں مبتلا مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے- ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلی شہباز شریف تھے- پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن و سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم شاہ جبکہ نوارٹس فارما پاکستان کی جانب سے کنٹری صدر شہاب رضوی نے مفاہمتی یاداشت پردستخط کئے- معاہدے کی رو سے نوارٹس فارما پاکستان اور حکومت پنجاب کے اشتراک سے4 امراض میں مبتلا مریضوں کو 6 ارب روپے کی مفت ادویات فراہم کی جائیں گی - مفت ادویات 3 لاکھ 50 ہزار مریضوں کو فراہم کی جائیں گی اور نوارٹس کی جانب سے ان ادویات کی فراہمی کیلئے فی مریض ایک ڈالررقم کی وصولی کے اخراجات پنجاب حکومت ادا کرے گی اور مریضوں کو مکمل طور پر مفت ادویات فراہم کی جائیں گی ۔ شہباز شریف نے معاہدے پر دستخط کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی دوا ساز کمپنی نوارٹس پاکستان اور حکومت پنجاب کے درمیان ہونے والے معاہدے سے ابتدائی طور پر 3 لاکھ 50 ہزار مریضوں کو فائدہ پہنچے گا اور ان مریضوں کو چار مختلف امراض ذیا بیطس ، امراض قلب ، بریسٹ کینسر اور سانس کی تکالیف کی ادویات فری دی جائیں گی اورپروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا تا کہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو ادویات فراہم کی جاسکیں- حکومت پنجاب نوارٹس کے ساتھ مفت ادویات مہیا کرنے کے پروگرام کو مزید آگے بڑھائے گی اور مجھے امید ہے کہ جلد اس پروگرام کا دائرہ کار 12 لاکھ مریضوں تک پھیلا دیا جائے گا- وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت اور نوارٹس نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے بڑا قدم اٹھایا ہے اور پنجاب کی ٹیم ،نوارٹس کے حکام اور ان مریضوں کو مبارکباد دیتا ہوں جو اس سے استفادہ کریں گے - وزیر اعلی نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نوارٹس کی طرف سے6 ارب روپے کی مفت ادویات مریضوں کو غیر مشروط طور پر دی جا رہی ہیں اور اس کے لئے نہ تو کوئی سیاسی شرط عائد کی گئی ہے اور نہ ڈو مور کا تقاضا کیا گیا ہے بلکہ یہ دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت کیا گیا ہے اور اسی جذبے اور عزم کو ہم نے آگے بڑھانا ہے -وزیر اعلی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ قبل ازوقت انتخابات کا وہ تقاضا کر رہے ہیں جو نہیں چاہتے کہ غریب آدمی کو مفت ادویات ملیں ،یہ وہ لوگ ہیں جو نہیں چاہتے کہ لاہور میں اورنج لائن میٹر وٹرین چلے - عام آدمی کی ترقی وخوشحالی کے مخالف قبل ازوقت الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں - میٹروبس کو جنگلا بس کہنے والے اس کو پشاور میں مشکل سے لے تو گئے ہیں لیکن وہ جانتے ہیں کہ وہ پشاور میں اس کو بنا نہیں سکتے اس لئے وہ لاہور میں بھی میٹروٹرین کا منصوبہ روکنا چاہتے ہیں - سی ٹی سکین مشینوں سے غریب مریض کو 100 فیصد فری سہولت میسر آئے گی - یہ ہے نیا پاکستان اور تبدیلی جو کہ پنجاب میں ہم لائے ہیں - ہم دعوے نہیں کرتے، نعرے نہیں لگاتے ، صرف کام اور خدمت کرتے ہیں - جہاں غلطی ہو وہاں معذرت کر لیتے ہیں -ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ ہم جلسوں میں جائیں گے لیکن جھوٹ نہیں بولیں گے ، یوٹرن نہیں ماریں گے ، بے بنیادالزامات نہیں لگائیں گے ، ترقی کا سفر نہیں روکیں گے بلکہ ہم اپنی کارکردگی کے ذریعے عوام میں جائیں گے-