بس و ٹرک اڈے شہر سے باہر منتقل کرنے کیلئے لائحہ عمل تیار کرنے کا حکم
ملتان( خبر نگار خصوصی) کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا ہے کہ شہر کے ٹریفک مسائل کو حل کرنے کیلئے مثبت حکمت عملی بنائی جائے۔ شہر میں موجود بس اڈوں اور ٹرک اڈوں کو باہر منتقل کرنے کیلئے مناسب لائحہ عمل تیار کیاجائے۔ حکومت پنجاب کی زوننگ پالیسی کے مطابق تمام بس اڈے شہر کے داخلی راستوں سے باہر ہونے لازمی ہیں جبکہ اس سے شہر میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر نہیں ہوتی۔ ان خیالات کااظہار بلال احمد بٹ نے سیکرٹری آر ٹی اے ملتان فاروق ڈوگر سے ملاقات کے دوران کیا۔ کمشنر ملتان نے کہاکہ لاری اڈہ اور دیگر سی کلاس اڈوں کی مرمت ، تزئین وآرائش بارے بھی مکمل پلان مرتب کیاجائے جبکہ ڈی کلاس اڈوں کی چیکنگ وغیرہ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ شہر میں موجود ڈی کلاس بس اڈوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کیلئے مناسب جگہ بارے ہوم ورک جلد مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ بلال احمد بٹ نے کہاکہ شہر بھر میں ٹریفک کی بے ہنگم صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے تجاوزات جیسے مسائل سے آہنی ہاتھوں سے نپٹنا ہوگا۔ اسسٹنٹ کمشنر جنرل مسعود احمد بخاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔