عنقریب کشمیر کا ایک اور دورہ کروں گا : مذاکرات کار
سری نگر(کے پی آئی) بھارتی مذاکرات کار برائے کشمیر دنیشور شرما نے کہا ہے کہ وہ عنقریب ہی ریاست کا ایک اور دورہ کریں گے اور توقع ظاہر کی اگلی بار حریت پسندوں کے ساتھ بھی ملاقات ہو گی۔ شرما نے کہا کہ ہم دیکھیں گے کہ حالات کو کیسے مثبت موڑ دیا جائے، یہ میرا جموں کشمیر کا پہلا دورہ تھا ، میں بار بار یہاں آئوں گا اور امید ہے کہ تمام فریق اپنی بات رکھنے کیلئے آگے آئیں گے۔وہ سرکاری گیسٹ ہائوس میں مختلف وفود کے ساتھ بات چیت کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ سے خطاب کررہے تھے۔یہ پوچھے جانے پر کہ اگر حریت پسند اپنا بائیکاٹ جاری رکھتے ہیں، تو وہ پھر بھی ایک فریق تصور کئے جائیں گے،شرما نے کہا کہ جموں کشمیر کا ہر ہندوستانی شہری مذاکرات میں ایک فریق ہے اور لازم ہے کہ ہم ہر فردِ واحد کی بات سنیں۔واضح رہے کہ دنیشور شرما کے4 روز ہ قیام کے دوران وادی کے کسی بھی حریت پسند لیڈر یا تنظیم نے ان کے ساتھ ملاقات نہیں کی ۔تاہم نامزد مذاکرات کار نے علیحدگی پسندوں کو بات چیت میں شامل کرنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں پوچھے گئے متعدد سوالات کا جواب نہیں دیا ۔