بیگانے کی شادی میں دیوانہ عبداﷲ بازی ہار گیا اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ ثابت ہوتو سیاست چھوڑ دونگا:فاروق ستار
کراچی (آئی این پی+ نیٹ نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے ہمارا ووٹ بینک قائم و دائم ہے، مصطفی کمال باریاں لے چکے ہیں، بازی ان کے ہاتھ سے نکل چکی ہے۔ مصطفی کمال کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے فاروق ستار نے کہا ڈاکٹر عمران فاروق کے اہلخانہ ہمارے ساتھ موجود ہیں، مہاجر سیاست سے لاتعلقی کا اعلان مصطفی کمال نے کیا۔ 9 نومبر کی پریس کانفرنس میں خود کو احتساب کیلئے پیش کیا۔ مزید برآں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سے رابطہ کرکے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ مزید برآں فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی کے ارکان اور ایم کیو ایم کے رہنمائوں نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر فیصل سبزواری، کامران ٹیسوری، ریحان ہاشمی اور دیگر موجود تھے۔ ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا پہلی باری ہم لے چکے، مصطفی کمال کو فالوآن پر مجبور کردیا، مصطفی کمال نے جو پہلے کہا اور جو آج کہہ رہے ہیں،دونوں کا جواب دے چکے۔ میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے کہا مصطفی کمال نے اتحاد اور یکجہتی کی کوششوں کو سبوتاژ کیا ، اتحاد کے دروازے آج بھی کھلے ہیں، شہدا کا لہو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ایک سال بعد یادگار شہدا پر آئے ہیں۔ یادگار شہدا پر جانے سے قبل ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا تھا شہدا ہماری تحریک کا اہم حصہ ہیں،ہرحال میں یادگارایم کیوایم شہدا پرجائوں گا،ہماری سیکورٹی کا بہترانتظام ہونا چاہئے۔ بہادر آباد میں رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار کاکہنا تھا کہ ہم صاف ستھری ایم کیوایم قائم کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں،5 نومبر کے جلسے کے بعد بڑاحوصلہ ملا،2018ء میں مہاجروں کی عظمت لوٹائیں گے، ہم نے سیاسی اتحاد کے دروازے آج بھی کھلے رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یادگارشہدا ایم کیوایم جانے کے لئے انتظامیہ کودرخواست دی تھی، انتظامیہ نے بتایا ہماری زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں،صرف ہماری زندگیوں کوہی خطرہ کیوں ہے؟ فاروق ستار نے کہا خطرات کے پیش نظرہماری موبلائزیشن کوروکاجارہا ہے،ہم نے کارکنوں کویادگار ایم کیو ایم شہدا آنے سے روک دیا ہے، شہدا نے عدم تشدد پرقائم رہنے والی ایم کیو ایم قائم کی۔ صباح نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستارکی والدہ نے کہا ہے ان کا ایک ہی بیٹا ہے جسے انہوں نے پارٹی میں جانے سے منع کیا تھا لیکن وہ نہیں مانا اور منع کرنے کے باوجود پارٹی جوائن کرلی، میرے بیٹے اور کارکنوں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ یادگار شہدا پرحاضری سے قبل فاروق ستار کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج ہم ایم کیو ایم شہداکی یاد میں غمزدہ ہیں، میں شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، میرے بیٹے اور کارکنوں نے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں، میرا بیٹا چھوٹے اور بڑے سب کی عزت کرتا ہے۔ میری دعا ہے یہ ہمیشہ ملک اور قوم کی خدمت کرتے رہیں۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے اسٹیبلشمنٹ کو استعمال کرنے کا الزام مسترد کر دیا۔ فاروق ستار نے کہا بیگانے کی شادی میں دیوانہ عبداللہ بازی ہار گیا۔ پی ایس پی مثبت سیاست کو سبوتاژ کر رہی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان تقسیم نہیں ہوئی، ووٹ بنک قائم ہے، 2018ء میں مہاجروں کی عظمت لوٹائیں گے، شرپسندوں کو اپنی صفوں سے نکالیں گے، اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ ثابت ہو تو سیاست چھوڑ دوں گا، ہم نے سیاسی اتحاد کے دروازے آج بھی کھلے رکھے ہیں۔ آن لائن کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے ایم کیوایم پاکستان کسی کے ساتھ ضم نہیں ہوگی۔ ہم نے پاک سرزمین پارٹی کے ساتھ مستقبل میں سیاسی اتحاد کے لیے کوششیں کیں لیکن پی ایس پی کے سربراہ نے غیر ذمہ دارانہ گفتگو کر کے سیاسی اتحاد کا قیمتی موقع گنوا دیا۔ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال کہتے ہیں ایم کیو ایم ’را‘ کی ایجنٹ ہے اور سابق ڈی جی رینجرز سندھ بلال اکبر نے ایم کیو ایم پاکستان بنائی لیکن ہمارے ساتھ بیٹھتے بھی ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے الزام عائد کیا میں نے غلط خبریں لیک کیں، مصطفیٰ کمال جس صحافی دوست کا ذکر کر رہے ہیں اس سے ملاقات میں نے ہی کروائی تھی، ہم دونوں کے ٹیلی فونز کا ڈیٹا چیک کر لیا جائے تو اندازہ ہو جائے گا کون جھوٹ بول رہا ہے اور کون سچ کہ رہا ہے۔ مصطفیٰ کمال کے الزامات انتہائی افسوسناک ہیں لیکن ان کا شکریہ آج ان کی وجہ سے ہمارے ناراض کارکن ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ آج کی ان کی پریس کانفرنس سے ایم کیو ایم پاکستان کا بال بھی بیکا نہیں ہوا لیکن پی ایس پی نے اپنا بہت بڑا نقصان کیا ہے جس کا نقصان انہیں آئندہ انتخابات میں ہو جائے گا۔