کارکے رینٹل پاور کیس‘ عالمی عدالت نے پاکستان کیخلاف فیصلہ پر حکم امتناعی جاری کر دیا
اسلام آباد (این این آئی) عالمی عدالت انصاف نے کارکے رینٹل پاور کیس میں پاکستان کی جانب سے ترک کمپنی کو ہرجانہ ادا کرنے کے اپنے فیصلے پر حکم امتناع جاری کردیا۔عدالتی حکم کے مطابق پاکستان نے ترک کمپنی کو 800ملین ڈالر ہرجانے کی مد میں ادا کرنے تھے، یہ ہرجانہ رینٹل پاور منصوبے میں پاکستان کی جانب سے ترک کمپنی سے کیا گیا معاہدہ توڑنے پر کیا گیا تھا ۔پاکستان نے فیصلے کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں اپیل دائر کی تھی جس پر عدالت نے حکم امتناعی جاری کیا۔ اس سے قبل عالمی عدالت انصاف نے ترکی کی توانائی کی کمپنی کی جانب سے درخواست پر پاکستان کے خلاف حکم دیا تھا ۔یاد رہے کہ کارکے کارادینز کی جانب سے تیار کردہ 232 میگا واٹ کے حامل پاور پلانٹ کو حاصل کرنے کا یہ معاہدہ آصف علی زرداری کی حکومت نے کیا جس کے تحت پاکستان میں بجلی کے شدید بحران پر قابو پانا تھا اور رینٹل پاور پلانٹ لگا کر 1 ہزار 206 میگا واٹ بجلی حاصل کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا۔تاہم 30 مارچ 2012 کو سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری نے پیپلز پارٹی کی توانائی پالیسی کے تحت رینٹل پاور پراجیکٹ کو غیر شفاف قرار دے کر نیب حکام کو ذمہ داران کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کا حکم دے دیا تھا۔پاکستان کی سپریم کورٹ نے30 مارچ 2012 کو کار کے سمیت تمام رینٹل پاور منصوبے بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے فیصل صالح حیات اور خواجہ آصف کی درخواستوں پر فیصلہ دیا تھا ۔جبکہ سندھ ہائی کورٹ نے اٹھائیس مئی 2013ء کو کار کے چاروں جہاز تحویل میں لینے کا حکم دیا تھا۔ کارکے کمپنی کے منجمد بینک اکائونٹس بحال کرنے کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی تھی۔ ٹریبونل نے رینٹل پاورکیس کے فیصلے پر عمل درآمد روکنے اور کار کے کے خلاف کارروائی معطل کرنے کی درخواست بھی مسترد کی تھی۔