کشیدگی کے باوجود پاکستان اور بھارت کےدرمیان رابطے‘ ملاقاتیں
اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک طرف مودی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے کشیدگی عروج پر ہے اس کے باوجود دونوں ملکوں میں مختلف سطحوں پر رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ حال ہی میں پاکستان رینجرز کے ایک وفد نے نئی دہلی میں بھارتی حکام سے ملاقات کی اور سرحدوں کی سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بھارتی بحریہ کے دو افسروں نے کراچی میں کوسٹل سیکیورٹی کے ایک اجلاس میں شرکت کے لئے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن سے ویزے حاصل کئے۔ لیکن وہ بوجوہ کراچی نہیں آسکے۔ پاکستان کی وزارت داخلہ کے ایک افسر نے بھی حال ہی میں بھارت میں انسداد منشیات سے متعلق ایک اجلاس میں شرکت کی۔ تازہ ترین دعوت نامہ پاکستان کی پریس کونسل کو نئی دہلی سے موصول ہوا ہے یہ دعوت نامہ سارک ممالک کی پریس کونسلوں کے ایک اجلاس میں شرکت کے لئے بھیجا گیا ہے۔ پاکستان پریس کونسل کے چیئرمین صلاح الدین مینگل نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی انہیں نئی دہلی میں سارک ملکوں کی پریس کونسلوں کے ایک اجلاس میں شرکت کے لئے نئی دہلی سے دعوت نامہ مل گیا ہے لیکن ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا گیا کہ انہیں اس اجلاس میں شرکت کرنی ہے یا نہیں۔ چاہئیں۔ پاکستان نے ایک روز قبل بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی اہلیہ کو خاوند سے ملنے کی اجازت دی ہے۔ یہ ساری پیش رفتیں پاک بھارت کشیدہ تعلقات کے پس منظر میں اہمیت کی حامل ہیں۔ سفارت کار ان رابطوں اور دوروں کو بڑی اہمیت دے رہے ہیں۔