منڈا ڈیم کی تعمیرکو جلدپایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ،آفتاب احمد شیرپاؤ
پشاور(بیورورپورٹ)قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ منڈا ڈیم کی تعمیرکو جلد از جلدپایہ تکمیل تک پہنچایا جائے انھوں نے کہا کہ تعمیر و ترقی اور یہاں کے عوام کی خوشحالی کے حامل اس منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا زراعت اور بجلی کے مسائل سے دوچار ہے اور منڈا ڈیم اس مسئلے کو حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے ۔وہ فاطمہ خیل شبقدر چارسدہ میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر علاقہ شبقدر کے ممتاز سیاسی رہنماء ملک عالم خان فاطمہ خیل نے اپنے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔آفتاب شیرپائو نے کہا کہ پانی اور بجلی سماجی اور معاشی ترقی کیلئے ناگزیر ہیں اسی لئے ہم نے ہمیشہ منڈا ڈیم کی تعمیر پر اصرار کیا ہے جس سے اس پسماندہ علاقے میں سماجی اور اقتصادی انقلاب برپا ہو گا اور علاقے کی خوشحالی و ترقی میں اضافہ ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے مردم شماری کے انعقاد میں تاخیری حربوں کی وجہ سے حلقہ بندیوں اور مردم شماری پر تحفظات جیسے مسائل پیدا ہو گئے ۔انھوں نے کہا کہ اگر مردم شماری بروقت کی جاتی اور اس سلسلے میں مردم شماری پر اٹھنے والے سوالات کو صحیح طریقے سے حل کیا جاتا تو آج حلقہ بندیوں جیسے مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میںبعض سیاسی جماعتوں کے مطالبات ملک و قوم اور جمہوریت کے حق میں نہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ نئے انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہو اور موجودہ پارلیمنٹ اپنی آئینی مدت پوری کریں انھوں نے کہا کہ عوام کے اندر اتحاداور اتفاق قومی وطن پارٹی کا نصب العین ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ پختون معاشی اور سماجی ترقی حاصل کرے انھوں نے کہا کہ ہم تمام پختونوں کو متحد کر رہے ہیں تاکہ ان کے حقوق ایک پر امن اور باوقار سیاسی جدوجہد کے ذریعہ حاصل کی جاسکے اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو،جاوید خان کتوزئی،سابق ایم پی اے بابر علی خان اورحلقہ پی کے 22کے چیئرمین محمدفیاض ایڈوکیٹ کے علاوہ پارٹی کے ضلعی و تحصیل ممبران، ضلعی عہدیداراور پارٹی کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔
آفتاب احمد شیرپاؤ