پاکستان انٹرنیشنل سیریز بیڈمنٹن کپ، ماہ نور ویمن سنگلز فائنل میں پہنچ گئیں
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیر اہتمام پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے لیاقت جمنازیم میں جاری پاکستان انٹرنیشنل سیریز بیڈمنٹن کپ ٹورنامنٹ 2017 ء میںپاکستانی کھلاڑیوں نے دو کیٹیگریز میں جبکہ غیر ملکی کھلاڑیوں نے چار کیٹگریز میں فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ مینز سنگلز کے سیمی فائنلز میں ترکی کے کھلاڑی ایمری لالے نے پاکستان کھلاڑی رضوان اعظم کو21۔16 اور21۔17سے جبکہ ویتنام کے کھلاڑی ڈوس فیٹ لی نے پاکستانی کھلاڑی عرفان سعید بھٹی کو 17۔21،21۔12اور21۔12سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔وویمن سنگلز سیمی فائنلز میں سری لنکن کھلاڑی حسینی ناوساکا نے پاکستانی کھلاڑی سحرا اکرم کو 21۔16اور21۔4جبکہ پاکستانی کھلاڑی ماہ نور شہزاد نے ویتنام کی کھلاڑی تھی فونگ تھوئی تران کو 23۔21اور23۔21سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی۔مینز ڈبلز سیمی فائنل میں پاکستانی کھلاڑیوں رضوان اعظم اور کاشف سلہری پر مشتمل جوڑی نے اپنے ہم وطن کھلاڑیوں محمد عتیق اور اویس زاہد کو 21۔19اور21۔17سے جبکہ مکسڈ ڈبلز کے پہلے سیمی فائنل میں نیپال کے کھلاڑیوں رتنا جیت تمانگ اور نانگسل تمانگ پر مشتمل جوڑی نے اپنے ہم وطن کھلاڑیوں بشنو کٹوال اور سونیانامخیا کو 21۔17 اور21۔7سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں نیپال کی شویٰ گوچان اور دیپک دھامی نے پاکستان کی صائمہ مشتاق اور وقاص احمد کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔فائنل میچز آج دن ایک بجے کھیلے جائیں گے۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ مہمان خصوصی ہوں گے۔