حسن‘ حسین نواز کو گرفتاری دینے کیلئے دی گئی عدالتی مدت ختم
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) سابق وزیراعظم میاں محمدنواز شریف کے بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دیے جانے کے باوجود نیب کی جانب سے دائر 3 ریفرنسز میں گرفتاری دینے کے عدالتی احکامات کی مقررہ مدت ختم ہو گئی۔احتساب عدالت کے حکم نامے کے مطابق اگر حسن نواز اور حسین نواز مسلسل عدالت میں سماعت سے غیر حاضر رہے تو ان کی جائیدادیں ضبط کرلی جائیں گی۔واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ ماہ 12 اکتوبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت سے ملنے والی ہدایت کے بعد فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ان کے اشتہاری قرار دینے کا حکم نامہ آویزاں کیا تھا۔حکم نامے میں حسن نواز اور حسین نواز کو گرفتاری دینے اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ، العزیزیہ اسٹیل ملز اور ایون فیلڈ جائیدادوں کے ریفرنسز میں عدالتی کارروائی کا حصہ بننے کا کہا گیا تھا۔نواز شریف، ان کے دونوں صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز، صاحبزادی مریم نواز اور داماد محمد صفدر کے خلاف یہ ریفرنسز سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما پیپرز کیس کے حتمی فیصلے کی روشنی میں نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر کیے گئے تھے۔
مدت ختم