حکومت کی عدم توجہی سے یوسی 2 سائٹ خستہ حالی کا شکار ہے:حبیب الرحمن
کراچی (خصوصی رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع غربی کے جنرل سیکرٹری اور چیئرمین یوسی 2سائٹ حبیب الرحمن ،جنرل کونسلر میاں خالد رفیق نے کہا ہے کہ یوسی 2سائٹ مں شامل تمام علاقے خستہ حالی کا شکار ہیں ۔سائٹ لمیٹڈ کی جانب سے وفاق سے ریونیو وصول کرنے اور انڈسٹریز سے سالانہ کروڑوں روپے ٹیکس کی مد میں لینے کے باوجود علاقے کے مسائل حل کرنے پر توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سائٹ لمیٹڈ کے افسران نے سائٹ میں اجارہ داری قائم کررکھی ہے ۔پورے علاقے میں کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ۔نالوں پر تجاوزات قائم ہیں اور کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ نالوں کے بند ہونے کی وجہ سے یوسی 2کی آبادی بہت زیادہ متاثر ہورہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پانی کی لائنوں پر بھی قبضہ کیاجاچکا ہے اور غیر قانونی پانی کے کنکشن کے ذریعہ پانی فراہم کیا جارہا ہے ۔انہوںنے گورنر سندھ محمد زبیر ،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیرصنعت وتجارت سندھ منظورحسین وسان اور میئر کراچی وسیم اخترسے مطالبہ کیا کہ مسائل کو حل کرنے کے لیے سائٹ لمیٹڈ کے ذمہ داران کو واضح ہدایات جاری کی جائیں ۔