کرپٹ حکمران ٹولہ نے 20کروڑ عوام کو اپنا غلام بنا رکھا ہے، محمد امین اشعر
کراچی ( خصوصی رپورٹر ) انگریزوں سے آزادی کے باوجود گذشتہ 70سالوں سے کرپٹ حکمران ٹولہ نے ملک کے 20کروڑ عوام کو اپنا غلام بنا رکھا ہے، حکمرانوں کے چہرے تبدیل اور ان کے اثاثہ جات میں تو دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے مگر عوام آج بھی دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے۔اسلئے تمام مسائل کا حل محض چہرے نہیں نظام بدلنے کی ضرورت ہے جس کیلئے جماعت اسلامی کراچی تا کشمور رابطہ عوام مہم چلا رہی ہے۔ ان خیالات کااظہار جماعت اسلامی زون گجرو وسطی کے قائم مقام امیر محمد امین اشعر نے احسن آباد میں رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امین اشعر نے مزید کہا کہ بدی کے خاتمے اور نیکی کو فروغ دیکر ہی معاشرے کو امن کا گھوارہ بنایا جاسکتا ہے، آج کے تمام مسائل کا حل اسلام کی دعوت میں ہے۔ایک پرامن، بابرکت اور اسلامی انقلاب کیلئے جماعت اسلامی جدوجہد کررہی ہے،عوام کو اس نیک کام میں ہمارا ساتھ دینا چاہئے۔