گستاخانہ مواد پر حکومتی خاموشی‘ گستاخوں کی حوصلہ افزائی ہے‘ حنیف طیب
کراچی (خصوصی رپورٹر) نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ موادکی اشاعت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں حضور نبی کریمﷺ‘ ازواج مطہرات‘ آل بیت اطہار‘ صحابہ کرام اور بزرگان دین کی شان وعظمت اور اُن کی عصمت وحرمت کے بارے میں قابل توہین رویہ اپنانے‘توہین آمیزپوسٹیں بھیجنے اور مسلمانوں کی دل آزاری کرنے پروزیرداخلہ کی پراسرارخاموشی ناقابل فہم ہے۔ایسے گستاخ بلاگرزکے خلاف اسلام آبادہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے جوتفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا ‘کئی ماہ گزرجانے کے باوجوداُس کی روشنی میں بھی حکومت کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی صرف خانہ پوری کیلئے چند نمائشی اقدامات کئے گئے جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے کوئی مثبت قدم نہ اُٹھائے جانے کے سبب گستاخانہ موادشائع کرنے والوں کے حوصلے بڑھتے جا رہے ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سلامتی ناموس رسالت کے تحفظ سے وابستہ ہے لہٰذا حکومت مصلحت پسندی‘ کاہلی‘ سستی‘ روشن خیالی اور سیکولرازم کے خول سے باہرآئے اور حب رسول کا ثبوت دے اور گستاخوں کو فوری گرفتار کر کے نشان عبرت بنا دیا جائے۔