وزیر اعظم شاہد خاقان ملک و قوم کی خوشحالی کے لئے اقدامات کررہے ہیں‘ منور رضا
کراچی (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن ) کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت شاہد خاقان عباسی کے وزارت عظمیٰ میں ملک اور عوام کی مضبوطی ، خوشحالی اور ترقی کیلئے اپنی بھرپورصلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے محمد نواز شریف کے عوامی ویژن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہے۔ لیکن افسوس کہ جمہوریت اور عوام کے روشن مستقبل کے مخالف دشمن سیاستدان موجودہ حکومت کے ترقی کے کاموں اورمنصوبوں کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے میں اپنے منفی ہتھکنڈوں کا استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص تکبر میں مبتلا عمران خان ملک کے امن وامان اورسیاسی صورتحال میں بہتری کے بجائے خوف اور ہیجان کی فضاء پیدا کرنے میں لگاہے اور اب یہ کسی NRO کا رونا اور انتخابات 2018ء وقت مقررہ کے بجائے پہلے کرانے کے نعرے لگارہا ہے ۔