الیکشن کمیشن دفتر میں چائنہ کی لفٹ لگا کر 90 لاکھ کا خورد برد
اسلام آباد( وقائع نگار) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے الیکشن کمیشن دفتر میں چائنہ کی لفٹ لگا کر 90 لاکھ روپے خردبرد کرنے والے پی ڈبلیو ڈی کے ایگزیکٹو انجینئر فیض احمد فیض کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا ہے جمعہ کو ایف آئی اے کے سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے الیکشن کمیشن دفتر میں چائنہ کی لفٹ لگوانے ملزم پی ڈبلیو ڈی کے ایگزیکٹو انجینئر کو ڈیوٹی جج رسول بخش میرجت کی عدالت میں پیش کیا،دوران سماعت ایف آئی اے کے حکام نے موقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن نے ایک کروڑ ستاون لاکھ روپے سے زائد کی رقم لفٹ کے لیے ادا کی،نجی کمپنی نے چائنہ کی لفٹ لگا دی جس کی مالیت 36 لاکھ روپے بنتی ہے،اس کے علاوہ پی ڈبلیو ڈی حکام نے لفٹ لگانے کے لیے پیپرا رولز کو بھی بالائے طاق رکھا گیا،ملزم کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے دلائل دیئے کہ میرے موکل کے خلاف پہلے ہی بہت ریمانڈ لیا جا چکا ہے،ہر بار ایف آئی اے کا موقف ایک ہی ہوتا ہے،مقدمہ میں نامزد دیگر ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا ،عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجوا دیا ہے