اقوام متحدہ تحقیقات کرے مکہ مکرمہ پر حملے میں استعمال میزائل کہاں بنایا گیا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)مکہ مکرمہ پر حوثی دہشت گردوں کی طرف سے میزائل حملہ کی کوشش ملت اسلامیہ کیلئے ناقابل قبول ہے۔ امت مسلمہ مکہ مکرمہ پر حملہ کرنے والوں اور ان کے پشت پناہوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ اسلامی سربراہی کانفرنس ،اقوام متحدہ تحقیقات کروائیں کہ مکہ مکرمہ پر حملہ میں استعمال ہونے والا میزائل کہاں بنایا گیا۔ پاکستانی قوم ،حکومت ،فوج ارض حرمین الشریفین کی سلامتی،استحکام اور دفاع کیلئے سربکف ہے۔سعودی عرب کی حکومت اور عوام کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ارض حرمین الشریفین کیخلاف ہونے والی سازشوں اور عالم اسلام کی صورتحال پر عالمی کانفرنس بلائی جائے گی۔یہ بات پاکستان علماءکونسل کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ہونے والی ”قومی دفاعی ارض حرمین الشریفین کانفرنس “ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی۔ کانفرنس کی صدارت پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی۔