قانون کی تعلیم کے معیار کو بہتر کرنے کیلئے تمام کالجز لائحہ عمل بنائیں، ڈاکٹر طاہر امین
ملتان( نمائندہ نوائے وقت)بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین کی زیرصدارت الحاق کمیٹی کا اجلاس یونیورسٹی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میںچیئرمین الحاق کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب، ڈاکٹر محمد اشرف خان ، رجسٹرار ڈاکٹر محمد مطاہر اقبال،پروفیسر ڈاکٹر قاضی عابد، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر ابرار احمد ، پرنسپل لاء کالج شیخ محمد سلیم ، ممتاز احمد شیخ نے شرکت کی ۔اجلاس میں طے پایا کہ لاء کی تعلیم کے معیار کو بہتر کرنے کے لیے تمام کالجز کو ہدایات جاری کی جائیں گی۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ نہ صرف لاء کالجز میں موجودہ سہولتوں کا جائزہ لیاجائے گا بلکہ غیرمعیاری یا غیرتسلی بخش سہولتوں کے حامل لاء کالجز کے الحاق کو ختم کرکے پاکستان بار کونسل اور ہائی کورٹ کو بھی مطلع کیاجائے گا۔ اجلاس میں عدالتی فیصلوں کی روشنی میںیونیورسٹی گیلانی لاء کالج میں لاء کے تین سالہ کورس میں شام کی کلاسز کی سفارش کی گئی۔