پنجاب اسمبلی‘ تحریک انصاف نے ینگ ڈاکٹرز، عطائیوں‘ گٹکے‘ نسوار اور صدقے کے گوشت پر پابندی کیلئے قراردادیں جمع کرا دیں
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں 4 مختلف قراردادیں جمع کرا دیں۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے اپنی قرارداد میں ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کے باعث 2 ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا گیا کہ ڈاکٹرز احتجاج کریں مگر اپنے فرائض سے غفلت نہ برتیں۔ تحریک التواءمیں مزید کہا گیا کہ مال روڈ پر ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہوچکا ہے۔ ڈاکٹر مراد راس نے تحریک التواءمیں مطالبہ کیا کہ صوبائی دارالحکومت میں عطائیوں کیخلاف کارروائی کی جائے جو انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں جبکہ ہیلتھ کیئر کمشن بے بس ہو گیا ہے۔ علاوہ ازیں احمد خان بھچر نے صوبے میں گٹکے اور نسوار اور سعدیہ سہیل رانا نے شہر میں جگہ جگہ بکنے والے صدقے کے گوشت کی فروخت پر پابندی کیلئے قراردادیں پیش کیں۔