چوہدری نثار‘ بلاول پر تنقید کرنے سے پہلے آئینہ دیکھ لیا کریں: سعید غنی
اسلام آباد( خبر نگار خصو صی) پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے وزیرداخلہ چوہدری نثار کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری نثار کو چاہیے کہ بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرنے سے پہلے آئینہ دیکھ لیں۔ پارٹی کے میڈیا آفس سے جاری ہونے والے بیان میں سعید غنی نے کہا کہ یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ ملک ایک نااہل اور طالبانی ذہنیت رکھنے والے وزیرداخلہ کے رحم و کرم پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کے زیر سرپرستی اسلام آباد میں کالعدم تنظیموں کا اجتماع ہوا۔ چوہدری نثار نیشنل ایکشن پلان پر عمل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ جو شخص حکیم اللہ محسود جیسے دہشتگرد کے انجام پر ہچکیاں لے کر روئے وہ طالبان کے خلاف کیسے کارروائی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کا یہی بہت بڑا جرم ہے کہ سابق آمر مشرف کو ملک سے فرار کرایا حالانکہ مشرف ملک کی کئی عدالتوں کو مطلوب تھے اور عدالتوں نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر رکھے تھے۔
سعید غنی