ایڈیٹر ’’پھول‘‘ محمد شعیب مرزا کیلئے ’’سالار ادب اطفال ایوارڈ‘‘
لاہور (نمائندہ خصوصی) ایڈیٹر ماہنامہ ’’پھول‘‘ صدر پاکستان چلڈرن میگزین سوسائٹی‘ معروف ادیب محمد شعیب مرزا کو ان کی بچوں کے ادب کے حوالے سے نمایاں خدمات پر پاکستان رائٹرز ونگ اعتماد نیوز اور وفائے پاکستان ادبی فورم کی طرف سے مشترکہ طور پر ’’سالار اطفال ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا۔ ایوارڈ ملتان میں منعقدہ کل پاکستان رائٹرز کنونشن میں معروف سیاستدان جاوید ہاشمی نے دیا۔ محمد شعیب مرزا کی ادبی خدمات کے پیش نظر نیشنل بک فائونڈیشن حکومت پاکستان نے انہیں ’’کتاب کا سفیر‘‘ بھی مقرر کیا ہے۔ وہ اب تک دو گولڈ میڈل اور کئی ایوارڈ و اعزازات حاصل کر چکے ہیں۔ گذشتہ سال اکتوبر میں انہیں استنبول ترکی میں عالمی سمپوزیم میں شرکت اور بچوں کے ادب پر واحد مقالہ پیش کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ ادیبوں اور صحافیوں نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کے ادب میں نمایاں خدمات پر محمد شعیب مرزا کو سول ایوارڈ دے کر ان کی خدمات کا اعتراف کیا جائے۔