پاکستانی لیجنڈ جہانگیر خان ورلڈ سکواش فیڈریشن کے اعزازی صدر مقرر
لاہور (نمائندہ سپورٹس + سپورٹس رپورٹر) پاکستانی لیجنڈ جہانگیر خان کو ورلڈ سکواش فیڈریشن کا اعزازی صدر مقرر کر دیا گیا ہے۔ لیجنڈری سکواش کھلاڑی جہانگیر خان کو ورلڈ سکواش فیڈریشن کا 4 سال کے لیے اعزازی صدر مقرر کردیا گیاہے۔پاکستانی لیجنڈ اس سے قبل بھی سکواش کی عالمی تنظیم کے اعزازی صدر کے طور پر اپنی خدمات سر انجام دے چکے ہیں تاہم اس بار بھی ورلڈ سکواش فیڈریشن کی جانب سے اس عہدے پر جہانگیر خان کو مقرر کیا گیا ہے۔ جہانگیر خان انٹرنیشنل سکواش سرکٹ میں ایک ناقابل شکست کھلاڑی تصور کیے جاتے تھے اوران کے حوالے سے یہ بھی مشہور ہے کہ انہوں نے مسلسل 555 میچز میں کامیابیاں حاصل کیں،اس کے علاوہ جہانگیر خان نے 1982ء سے 1991ء کے درمیان 6 مرتبہ ورلڈ اوپن اور 10 بار برٹش اوپن مقابلوں میں فتح حاصل کی۔