’’سپر مون‘‘ پرسوں ہوگا 14 فیصد بڑا دکھائی دے گا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پرسوں 14 نومبر کو ’’سپر مون‘‘ ہوگا۔ 70 سال بعد معمول سے زیادہ بڑا اور روشن چاند ہوگا، پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں 14 نومبر کو آسمان پر ایک ایسا چاند نمودار ہو گا جو معمول سے زیادہ بڑا اور روشن ہو گا۔ ’’سپر مون‘‘ کہلانے والا یہ چاند زمین کے انتہائی قریب آ جائے گا اور تقریباً 70 سال کے بعد زمین اور چاند کے درمیان فاصلہ اتنا کم ہو گا۔ خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے مطابق سپر مون معمول کے چاند سے 14 فیصد زیادہ بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن ہوگا۔ ناسا کا کہنا ہے کہ غیر معمولی طور پر اتنے ’خوبصورت‘ چاند کا نظارہ دوبارہ دیکھنے کے لیے آپ کو 25 نومبر 2034 تک انتظار کرنا ہو گا۔ گرینج کے معیاری وقت کے مطابق 1 بج کر 52 منٹ پر چاند مکمل بدر کامل بنے گا اس وقت پاکستان میں شام 6 بج کر 52 منٹ ہونگے یعنی یہ عین وہ وقت ہے جب چاند اپنے مدار میں زمین کے قریب ترین مقام پر ہوگا۔ سپر مون زمین سے 226000 کلومیٹر کے فاصلے پر ہو گا۔ 2016ء کا یہ دوسرا سپر مون ہوگا جبکہ رواں سال پہلا سپر مون 16 اکتوبر 2016 میں ہوا تھا جبکہ سال کا آخری سپر مون 14 دسمبر کو ہو گا۔ صباح نیوز کے مطابق سپر مون نے بلوچستان کے ساحلی علاقوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ 14 نومبر کو سمندری لہروں میں غیر معمولی چڑھائو آئے گا۔