گورو نانک کا جنم دن، تقریبات آج شروع ہو نگی، ننکانہ کے سکولوں میں 4دن کی تعطیلات
ننکانہ صاحب (نامہ نگار) سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک دیو جی مہاراج کے 548 ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات آج سے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں شروع ہوں گی، جن میں شرکت کے لئے بھارت سمیت دنیا بھر سے 20ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کی شرکت متوقع ہے۔ برطانیہ سے 418 اور آسٹریلیا سے22 سکھ یاتری ننکانہ صاحب پہنچ گئے ہیں جبکہ اندورن سندھ اور کے پی کے سے بھی ہزاروں ہندو اور سکھ یاتری ننکانہ صاحب پہنچے ہیں۔ علاوہ ازیں تین ہزار سکھ یاتری آج 12نومبر کو تین خصوصی ٹرینوں کے ذریعے بھارت سے ننکانہ صاحب پہنچیں گے۔ دریں اثناء محکمہ ریلوے ہندو یاتریوںکے لیے بھی خصوصی ٹرینیں چلائے گی۔ دوسری طرف ضلعی انتظامیہ نے شہر ننکانہ کے 67تعلیمی اداروں میں چار روزہ تعطیلات کا اعلان کردیا۔ اس سلسلہ میں ای ڈی او ایجوکیشن ننکانہ نے ڈی سی او ننکانہ سائرہ عمر کے حکم پر ضلع بھر کے 24سرکاری اور55 پرائیویٹ سکولوں و کالجز کو 12نومبر سے15نومبر تک بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ علاوہ ازیں آسٹریلین سکھ یاتریوں کے پارٹی لیڈر سردار رمن سنگھ سڈنی نے کہا ہے کہ پاکستان کے متعلق غیر ملکی میڈیا جو جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہا ہے یہاں کے حالات اس کے بالکل برعکس ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام انتہائی ملنسار ، خوش اخلاق ، امن پسند اور عاجزی رکھنے والے ہیں ہم یہاں آکر فخر اور سکون محسوس کر رہے ہیں انہوں نے کہا نومنتخب امریکی صدر ٹرمپ کے اقلیتوں سے متعلق بیانات دل میں شکوک و شبہات کو جنم دے رہے ہیں ۔ اگر ٹرمپ نے جارحانہ پالیساں اپنائیں تو اسکا حال بھی مودی کی طرح ہوگا۔