اسلام آباد:چین کیساتھ بدعنوانی کی روک تھام کیلئے تعاون مزید مضبوط ہوگا: چیئرمین نیب
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سے دونوں ممالک کے درمیان بدعنوانی کی روک تھام کے لئے تعاون مزید مستحکم ہوگا، پاکستان نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے قانون پر عمل درآمد اور آگہی و تدارک پر مبنی جامع پالیسی وضع کی ہے، پاکستان بدعنوانی کی روک تھام کے حوالے سے سارک ممالک کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے، نیب ہیڈ کواٹر کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کی قائمہ کمیٹی کے رکن ہو آنگ چوپنگ سے ہوبائی میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات خوشگوار دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ ہو آنگ چیو پنگ نے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی قیادت میں نیب کی بدعنوانی کی روک تھام کے لئے کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری اور انسداد بدعنوانی کے لئے مزید تعاون کی ضرورت کے بارے میں اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان بدعنوانی کی روک تھام کے لئے مفاہمت کی یادداشت اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان بدعنوانی کی روک تھام کے لئے تعاون مزید مستحکم ہوگا۔