حکومت آزاد میڈیا کی ترقی کیلئے سہولت جاری رکھے گی: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (اے پی پی) وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات وقومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے اور ملک میں آزاد میڈیا کی ترقی کیلئے سہولت جاری رکھے گی۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے دورہ کے دوران کہی جہاں انہیں چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے ادارہ کے کام کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پیمرا سے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ٹی وی چینلز کے پروگراموں کے مندرجات ملک کی ثقافتی اقدار اور قومی مفاد کے مطابق ہوں۔ ملازمین کی پیشہ وارانہ مہارت اور انہیں مانیٹرنگ سسٹم کے جدید ترقی یافتہ رجحانات سے لیس کرنے کیلئے ان کیلئے جامع ادارہ جاتی تربیتی پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہے۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت عام لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کیلئے کام کر رہی ہے جو اپنے منشور میں کئے گئے تمام وعدے پورے کریگی۔ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت میں مختلف میڈیا ہائوسز کے دورہ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں 2016ء کا پاکستان 2013ء سے کہیں بہتر ہے جب پاکستان مسلم لیگ (ن) برسراقتدار آئی تھی۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کم ہو کر یومیہ صرف 3 گھنٹے رہ گئی ہے جبکہ 2013ء میں لوگوں کو 16 تا 18 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑتا تھا، دہشت گردی کے واقعات میں85 فیصد کمی ہوئی جو بڑی کامیابیاں ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور ایک گیم چینجر ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کیلئے تمام صوبے مساوی اہم ہیں اور سی پیک میں کسی صوبہ کو نظر انداز کرنے کا تاثر درست نہیں۔