وزیراعظم نوازشریف کل گوادر بندرگاہ کا باضابطہ افتتاح کریں گے
اسلام آباد (آئی این پی +اے این این) وزیراعظم نوازشریف(کل) اتوار کو بین الاقوامی تجارتی بندر گاہ گوادرکا افتتاح کریں گے ، تقریب میںچینی سفیر سن وی ڈونگ سمیت چین اور پاکستان کی اعلیٰ سول و فوجی قیادت بھی شرکت کرے گی ،سی پیک کے تحت پہلے تجارتی قافلے میں شامل کنٹینرز میں موجود سامان مشرق وسطیٰ اور افریقہ کیلئے روانہ کیا جائے گا۔گوادر پورٹ کے اہلکاروں نے کہا کہ 300کنٹینروں پر سامان لادنے کا عمل ہفتے کو مکمل کر لیا جائے گا اور وہ مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے مقام کیلئے اگلے روز بندر گاہ سے روانہ ہوں گے ،46بلین ڈالر لاگت کا چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) منصوبہ چین کے صدر شی جن پنگ کی طرف سے تجویز کئے جانیوالے ون بیلٹ و ن روڈ منصوبے کا پائلٹ پراجیکٹ ہے جس کا مقصد علاقائی رابطے ، مواصلات اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔ ماہرین کو یقین ہے کہ سی پیک کے تحت گوادر بندرگاہ سے تجارت کا آغاز پاکستان اور پورے خطے کیلئے واضح ”گیم چینجر “ بن جائے گا۔اے این این کے مطابق آرمی چیف راحیل شریف، وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ خان زہری اور چینی صوبہ سنگ یانگ کے ایڈوائزر مسٹر یان و دیگر چینی اور پاکستانی حکام بھی موجود ہونگے ۔وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اورچینی حکام کی گوادر پورٹ پر آمد کے سلسلے میں سیکورٹی کے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں ۔
گوادر