پانامہ لیکس کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے، سب کو فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے: ایاز صادق
لاہور (خصوصی رپورٹر) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے پاس سپریم کورٹ کے فیصلوں کو تسلیم کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں رہا۔ ان کے لئے بہتر ہو گا سینٹ اور قومی اسمبلی میں آ کر اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔ وہ گزشتہ روز صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 148کی یونین کونسل 87کے ایک شادی ہال میں مسلم لیگی کارکنوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر صلاح الدین پپی، رفاقت شاہ، علی رضا و دیگر کارکن موجود تھے۔ سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ ملک میں کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔ پانامہ لیکس کا معاملہ اب سپریم کورٹ میں ہے، سب کو عدالت کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے۔ شیخ رشید کی پیش گوئی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کی تمام باتیں پہلے بھی جھوٹی ثابت ہوئیں اور اب بھی جھوٹی ثابت ہونگی۔ بعدازاں سردار ایاز صادق نے یونین کونسل 87کے گلی کوچوں کا دورہ کیا تاہم اس وقت انہیں بدمزگی کا سامنا کرنا پڑا جب نوجوانوں کے ایک گروپ نے پہلے ان کے حق میں نعرے لگائے اور پھر مسلسل کئی گھنٹوں سے سوئی گیس کی عدم فراہمی پر احتجاج شروع کر دیا۔ مسلم لیگی رہنماؤں رفاقت شاہ، صلاح الدین پپی و دیگر نے صورتحال کو سنبھالا اور احتجاج کرنے والے نوجوانوں کو صبر کی تلقین کی۔ تاہم سردار ایاز صادق اس کے بعد وہاں سے چلے گئے۔