مانگا منڈی: ٹینکر نے 2طالبعلم بھائی کچل دیئے، پہیہ میں چادر پھنسنے سے ٹیچر جاں بحق
لاہور ( نمائندگان) مانگا منڈی میں آئل ٹینکر کی ٹکر سے 2 طالبعلم اور پہیہ میں چادر پھنسنے سے ٹیچر جاں بحق ہوگیا جبکہ دیگر شہروں میں ٹریفک حادثات میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ مانگا منڈی سے نامہ نگار کے مطابق ملتان روڈ شامکی بھٹیاں کے قریب منظور احمد اپنے بھانجے کے ساتھ گورنمنٹ مڈل سکول باٹھ جا رہا تھا اسکی چادر موٹر سائیکل کے پہیے میں پھنس گئی جس کی وجہ سے وہ سڑک پر گر پڑا اور شدید زخمی ہوگیا اور بروقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔ مرحوم گورنمنٹ مڈل سکول باٹھ میں بطور ای ایس ٹی اپنے فرائض سر انجام دے رہا تھا۔ تالاب سرائے رائیونڈ روڈ پر محمد امجد اپنے دونوں بیٹوں عبدالمنان اور ابو ذر غفاری کے ساتھ سکول جا رہا تھا کہ سامنے سے آنے والے آئل ٹینکر نے کچل ڈالا جس سے امجد کے دونوں بیٹے موقع پر دم توڑ گئے جبکہ امجد شدید زخمی ہوگیا۔ امجد گورنمنٹ ہائی سکول نتھے خالصہ میں استاد تھا۔ پولیس نے آئل ٹینکر کو قبضہ میں لیکر مقدمہ درج کر لیا۔ رنگپور سے نامہ نگار کے مطابق صابر اپنی بیوی اور دو بچوںکے ہمراہ موٹر سائیکل پر اپنے گھر چک 26 ایم بی جا رہا تھا کہ آدھی سرگل کے قریب سامنے سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں صابر 6 سالہ بچی اور 8 سالہ بچہ موقع پر جاں بحق جبکہ بیوی زخمی ہوگئی۔ جلالپور جٹاں کا رکشہ ڈرائیور خالد رکشہ پر جا رہا تھا اور سردی سے بچائو کیلئے چادر لپیٹی ہوئی تھی کہ چادر رکشہ میں پھنسنے سے گلے میں پھندا لگنے سے اسکا دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگیا ۔ خالد تین بچوں کا باپ تھا۔ فیصل آباد نمائندہ خصوصی کے مطابق جڑانوالہ روڈ پر عشرت بی بی رشتہ دار کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہی تھی کہ پیچھے سے آنیوالی تیز رفتار کار نے ٹکر مار دی جس سے خاتون موقع پر جاں بحق ہوگئی۔ بھکر سے نامہ نگار کے مطابق دریا خان کلور کوٹ روڈ پر ون ویلنگ کرتے ہوئے دو تیز رفتار موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں دونوجوان طارق اور ذیشان موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ رمضان نامی شخص شدید زخمی ہو گیا۔