افغانستان: جرمن قونصل خانے پر خودکش حملے میں ہلاکتیں 6 ہو گئیں‘ 80 زخمی
کابل(صباح نیوز) افغانستان کے شہر مزار شریف میں جرمنی کے قونصل خانے پر طالبان کے خودکش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد6ہو گئی ہے جبکہ80 سے زائد زخمی ہیں۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمعہ کو برلن میں جرمن حکام اورافغان حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہر کے وسط میں واقع کمپاونڈ میں قائم جرمن قونصل خانے پر دھماکے سے پہلے شدید فائرنگ بھی کی گئی اور سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے جوابی فائرنگ کا تبادلہ بھی کیا گیا تاہم کچھ ہی دیر کے بعد ایک خود کش حملہ آور نے بارودی مواد سے بھرے ٹرک کے ذریعے قونصل خانے کی دیوار کو اڑادیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 80 کے زائد زخمی ہوگئے جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی ہے۔ طالبان کا کہنا تھا قونصل خانے پر حملہ قندوز میں اتحادی افواج کے فضائی حملے میں عام شہریوں کی ہلاکت کا ردعمل ہے۔