بار اور بنچ سائلین کی توقعات پر پورا اتریں: چیف جسٹس سپریم کورٹ
اسلام آباد (اے پی پی) چیف جسٹس انورظہیر جمالی نے کہاہے کہ باراوربنچ نظام انصاف کے دوناگزیرحصے ہیں، دونوں کا فرض ہے کہ وہ انصاف کے متلاشی سائلین کی قانونی ضروریات پوری کرنے کے حوالے ان کی توقعات پرپورااتریں۔ وہ جمعہ کو سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے نومنتخب اورسبکدوش ہونے والے عہدیداروں سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے رشید اے رضوی اورسیدعلی ظفرکی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ چیف جسٹس نے بارکے عہدیداروں کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ میرے لئے نومنتخب اورسبکدوش ہونے والے عہدیداروں سے بیک وقت ملاقات کرنا باعث مسرت ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ بارکے سبکدوش ہونے والے صدراوردیگرعہدیداروںنے بہتر کارکردگی دکھائی ہے، سبکدوش ہونے والی کابینہ کے تمام ارکان نے انصاف کی فراہمی کے حوالے سے پوری لگن اور جوش وجذبے کے ساتھ کام کیا۔ چیف جسٹس نے رشید اے رضوی کی قیادت میں سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ بارکے ساتھ ان کے ہمیشہ بہترین تعلقات رہے ہیں اورمیںعدلیہ کے استحکام کیلئے نئی کابینہ کے ساتھ ہرممکن تعاون کروں گا۔ رشید اے رضوی نے کہاکہ عدلیہ کے استحکام اورانصاف کی فراہمی کیلئے میں اورمیری کابینہ بھرپورتعاون کریں گے۔