پی ٹی اے افغان ٹیلی کمیونیکیشن سگنلز کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کرے: داﺅد اچکزئی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ایوان بالاءکی ذیلی کمیٹی تفویض کردہ قانون سازی کے کنونیئر سینیٹر داﺅد خان اچکزئی کی صدارت میں منعقد ہونے والے اجلاس میں ایکٹ آف پارلیمنٹ کے تحت قائم ہونے والے یونیورسل سروس فنڈ اورورچوئل یونیورسٹی کے رولز ریگولیشنزکے علاوہ پی ٹی اے میں ملازمین کے سرو س رولز کا ایجنڈا زیر بحث آیا ۔ کنونیئر کمیٹی داﺅ د خان اچکزئی نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت پی ٹی اے کی طرف سے افغان فون سمز بلاک کرنے رومنگ روکنے کے حوالے سے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی واردات ہو جاتی ہے پتہ نہیں چلتا کہ ٹیکنالوجی کس طرف سے استعمال کی گئی ۔ پی ٹی اے پاکستان کے اندر ایسی ٹیکنالوجی استعمال کرے جس سے افغان ٹیلی کمیونیکیشنز سگنلز افغانستان کے اندر ہی محدود رہیں ۔ چیئرمین پی ٹی اے اسماعیل شاہ نے آگاہ کیا کہ جی ایچ کیو، دفتر خارجہ ، افغان سفارتخانے کے ذریعے افغانستان حکومت اور ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے رابطہ کیا ہے سرکاری طور پر جواب نہیں دیا گیا زبانی آگاہ کیا گیا ہے کہ افغان ٹیلی کمیونیکیشن پاورکم کریں گے ۔یو ایس ایف فنڈ کے حکام نے آگاہ کیا کہ ایکٹ آف پارلیمنٹ اور رولز ریگولیشن متصادم نہیں ہیں ۔یوایس ایف کا خود مختار بورڈ اور سرکاری منظور شدہ نظام موجو د ہے ۔ ورچوئل یونیورسٹی کے ری ایکٹر نوید ملک نے کہا کہ چیئرمین کی سربراہی میں بورڈ آف گورنر اور ایگزیکٹو کونسل موجود ہے جامع آرڈنینس سے کوئی دقت پیش نہیں آرہی سروس رولز بنا لیے گئے ہیںپہلے چھ سال پراجیکٹ تھا بعد میں بورڈ فعال کر کے یونیورسٹی بنائی گئی ملک بھر میں 170 کیمپس ہیں کل 42 ہزار طلباءمیں سے 1900 سمندر پار پاکستانی طالبعلم اور موجود سمسٹر میں 13253 نئے طلباءکا اندراج ہو ا ہے۔ کنونیئر کمیٹی سینیٹر داﺅدخان اچکزئی نے کنٹریکٹ ملازمین کی چار سے ساڑھے چار لاکھ ماہانہ تنخواہ کو زائد قرار دیا جس پر آگاہ کیا گیا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو پنشن نہیں دی جاتی ۔ ایڈیشنل سیکرٹری محمد آفتاب نے بتایا کہ حکومت کی نئی پالیسی بھی کنٹریکٹ ملازمین کی ہے مستقل ملازمین کو پنشن کی ادائیگی کا بڑا مالی بوجھ ہوتا ہے ۔ سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ ملازم کی شکایت یا ملازم کے ساتھ زیادتی کا معاملہ سروس ٹربیونل نہیں جا سکتا یہ تصور ماسٹر اینڈ سرونٹ کے تعلق جیسا ہے ۔ سینیٹر کلثوم پروین نے کہا کہ ملازمین کا تحفظ نہیں یونیورسٹی کے رولز ریگولیشنز منگوا کر مزید غور کیا جائے ۔