رﺅف صدیقی نے ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا
کراچی (وقائع نگار)متحدہ قومی موومنٹ کے رہنمااور رکن صوبائی اسمبلی روف صدیقی نے اشتعال انگیز تقریر کے کیس میں ضمانت قبل ازگرفتاری کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔جمعہ کو متحدہ رہنما روف صدیقی سندھ ہائی کورٹ میں قائم انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت کے جج جسٹس عبدالمالک گدی کے روبر وپیش ہوئے اور عدالت سے درخواست کی کہ انہیں خدشہ ہے کہ انکو گرفتار کیاجائے گا وہ عدالت میں پیش ہوکر مقدمے کا سامنا کرنا چاہتے ہیں لہذا انہیںضمانت دی جائے۔بعدازاں عدالت نے روف صدیقی کی درخواست ضمانت متعلقہ انسداد دہشت گردی عدالت منتقل کردی۔ دریں اثناءسندھ ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عاصم کیخلاف کرپشن کیس میں شریک ملزم عبدالحمید کو بیرون ملک جانے سے متعلق متعلقہ نیب عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔سندھ ہائی کورٹ میں عبدالحمید نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ میرا نام ای سی ایل میں شامل ہے میرا بیٹا دبئی میں زیر تعلیم ہے اپنے بیٹے کی حصول تعلیم کے لئے مالی معاونت کرتا ہو ں چھ ماہ کے دورانیہ میں اگر دوبئی نہ گیا تو میرے دبئی کے ویزہ کی مدت ختم ہو جائیگی اور میں اپنے بیٹے کی مالی معاونت نہیں کر پاﺅ گا عدالت سے استدعا ہے کہ مجھے پاسپورٹ دیا جائے جبکہ عدالت نے اپنے ریماکس میں کہا کہ پرویز مشرف کیس میں سپریم کورٹ ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کے لئے حکم دے چکی ہے اس لیے آپ بھی ٹرائل کورٹ سے رجوع کریں۔واضع رہے کہ عبدالحمید پر ڈاکٹر عاصم کے مبینہ کالے دھن کو سفید کرنے کا الزام ہے ۔ احتساب عدالت نے شہریوں کوسود سے پاک کاروبار کا جھانسہ دے کر لوٹنے والوں کے خلاف دائر ریفرنس پر سرکاری وکیل سے جواب طلب کرلیا ہے۔جمعہ کو احتساب عدالت میں، شہریوں کوسود سے پاک کاروبار کا جھانسہ دے کر لوٹنے والوں کے خلاف دائر ریفرنس کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت نیب نے عدالت کو بتایا کہ پانچوں ملزمان نے ملکر فراڈ اور کرپشن کے ذریعے عوام سے 15کروڑسے زائد کہ رقم لوٹی جبکہ دوسری جانب ریفرنس میں نامزد ملزم رفیع الدین نے عدالت سے اپیل کی کہ وہ اپنی غلطی کا اعتراف کرتا ہے لہذا اسے جیل سے رہا کیا جائے۔بعدازاں عدالت نے سرکاری وکیل سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 15نومبر تک ملتوی کردی۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے دھماکہ خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ کیس کے الزام میں گرفتار سیاسی جماعت کے 4ملزمان کو بری کردیا۔جمعہ کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سیاسی جماعت کے چار ملزمان عرفان انڈہ، عمران راجو، شہزاد کھبا اور فرحان کو دھماکہ خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ کیس کا الزام ثابت نہ ہونے پر بری کردیا۔سندھ ہائی کور ٹ میں قائم انسداددہشت گردی کی منتظم عدالت نے منگھوپیر سے گرفتار3 ملزمان کو 5روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کردیا ہے۔