محرم میں قیام امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے: کمشنر
لاہور(خبر نگار)کمشنر لاہور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ محرم الحرام پر انتظامی و سکیورٹی امور کی انجام دہی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور منتظمین کو پولیس اور انتظامیہ کا مکمل تعاون اور مدد حاصل رہے گی۔ 9 اور 10 محرم پر ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی جبکہ ریسکیو 1122 میں ہیلپ لائن 1122 چوبیس گھنٹے محرم الحرام کے حوالے سے شہریوں اور منتظمین کے رابطہ کے لیے قائم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ جلوسوں کے راستوں کو مکمل طور پر چیک کر چکی ہے جبکہ دس محرم تک جلوسوں کے راستوں میں مختلف ایجنسیاں اور انتظامیہ سویپ اور سرچ کو جاری رکھیں گی۔کمشنر لاہور راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ مرکزی کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ ہال میں ہیلپ لائن 080002345 بھی قائم ہے جہاں پر تمام محکموں کے افسران موجود ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے راستوں میں موجود تمام بجلی کی تاروں اور کیبل تاروں کو اونچا کیا جا رہا ہے جس کیلئے پی ٹی سی ایل اور لیسکو کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔کمشنر لاہور ڈویژن نے کہا کہ سکیورٹی کیساتھ ساتھ باقی انتظامات کیلئے تمام متعلقہ محکمے دی گئی ہدایات کے مطابق اپنے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔کمشنر لاہور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال نے ان خیالات کا اظہار محرم الحرام کے سلسلے میں انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔